1 اور جِس روز خُداوند نے کوہِ سِینا پر مُوسیٰ سے باتیں کیں تب ہارُون اور مُوسیٰ کے پاس یہ اَولاد تھی۔
2 اور ہارُون کے بیٹوں کے نام یہ ہیں ندب جو پہلوٹھا تھا اور اَبِیہُو اور الیعزر اور اِتمر۔
3 ہارُون کے بیٹے جو کہانت کے لِئے ممسُوح ہُوئے اور جِن کو اُس نے کہانت کی خِدمت کے لِئے مخصُوص کِیا تھا اُن کے نام یِہی ہیں۔
4 اور ندب اور اَبِیہُو تو جب اُنہوں نے دشتِ سِینا میں خُداوند کے حضُور اُوپری آگ گُذرانی تب ہی خُداوند کے سامنے مَر گئے اور وہ بے اَولاد بھی تھے اور الیعزر اور اِتمر اپنے باپ ہارُون کے سامنے کہانت کی خِدمت کو انجام دیتے تھے۔
5 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔
6 لاوی کے قبِیلہ کو نزدِیک لا کر ہارُون کاہِن کے آگے حاضِر کر تاکہ وہ اُس کی خِدمت کریں۔
7 اور جو کُچھ اُس کی طرف سے اور جماعت کے طرف سے اُن کو سَونپا جائے وہ سب کی خَیمۂِ اِجتماع کے آگے نِگہبانی کریں تاکہ مسکن کی خِدمت بجا لائیں۔