گِنتی 11 URD

اِس جگہ کا نام تبعیرہ رکھّا گیا

1 پِھر وہ لوگ کُڑکُڑانے اور خُداوند کے سُنتے بُرا کہنے لگے ۔ چُنانچہ خُداوند نے سُنا اور اُس کا غضب بھڑکا اور خُداوند کی آگ اُن کے درمِیان جل اُٹھی اور لشکر گاہ کو ایک کنارے سے بھسم کرنے لگی۔

2 تب لوگوں نے مُوسیٰ سے فریاد کی اور مُوسیٰ نے خُداوند سے دُعا کی تو آگ بُجھ گئی۔

3 اور اُس جگہ کا نام تبعیر ہ پڑا کیونکہ خُداوند کی آگ اُن میں جل اُٹھی تھی۔

مُوسیٰ ستّر بزُرگ چُنتا ہے

4 اور جو مِلی جُلی بِھیڑ اِن لوگوں میں تھی وہ طرح طرح کی حِرص کرنے لگی اور بنی اِسرائیل بھی پِھر رونے اور کہنے لگے کہ ہم کو کَون گوشت کھانے کو دے گا؟۔

5 ہم کو وہ مچھلی یاد آتی ہے جو ہم مِصر میں مُفت کھاتے تھے اور ہائے وہ کھیرے اور وہ خربُوزے اور وہ گندنے اور پیاز اور لہسن۔

6 لیکن اب تو ہماری جان خُشک ہو گئی ۔ یہاں کوئی چیز مُیسّر نہیں اور مَنّ کے سِوا ہم کو اَور کُچھ دِکھائی نہیں دیتا۔

7 اور مَنّ دھنئے کی مانِند تھا اور اَیسا نظر آتا تھا جَیسے موتی۔

8 لوگ اِدھر اُدھر جا کر اُسے جمع کرتے اور اُسے چکّی میں پِیستے یا اُکھلی میں کُوٹ لیتے تھے ۔ پِھر اُسے ہانڈیوں میں اُبال کر روٹیاں بناتے تھے ۔ اُس کا مزہ تازہ تیل کا سا تھا۔

9 اور رات کو جب لشکر گاہ میں اوس پڑتی تو اُس کے ساتھ مَنّ بھی گِرتا تھا۔

10 اور مُوسیٰ نے سب گھرانوں کے آدمِیوں کو اپنے اپنے ڈیرے کے دروازہ پر روتے سُنا اور خُداوند کا قہر نِہایت بھڑکا اور مُوسیٰ نے بھی بُرا مانا۔

11 تب مُوسیٰ نے خُداوند سے کہا کہ تُو نے اپنے خادِم سے یہ سخت برتاؤ کیوں کِیا؟ اور مُجھ پر تیرے کرم کی نظر کیوں نہیں ہُوئی جو تُو اِن سب لوگوں کا بوجھ مُجھ پر ڈالتا ہے؟۔

12 کیا یہ سب لوگ میرے پیٹ میں پڑے تھے؟ کیا یہ مُجھ ہی سے پَیدا ہُوئے تھے جو تُو مُجھے کہتا ہے کہ جِس طرح سے باپ دُودھ پِیتے بچّہ کواُٹھائے اُٹھائے پِھرتا ہے اُسی طرح مَیں اِن لوگوں کو اپنی گود میں اُٹھا کر اُس مُلک میں لے جاؤُں جِس کے دینے کی قَسم تُو نے اُن کے باپ دادا سے کھائی ہے؟۔

13 مَیں اِن سب لوگوں کو کہاں سے گوشت لا کر دُوں؟ کیونکہ وہ یہ کہہ کہہ کر میرے سامنے روتے ہیں کہ ہم کو گوشت کھانے کو دے۔

14 مَیں اکیلا اِن سب لوگوں کو نہیں سنبھال سکتا کیونکہ یہ میری طاقت سے باہر ہے۔

15 اور جو تُجھے میرے ساتھ یِہی برتاؤ کرنا ہے تو میرے اُوپر اگر تیرے کرم کی نظر ہُوئی ہے تو مُجھے یک لخت جان سے مار ڈال تاکہ مَیں اپنی بُری گت دیکھنے نہ پاؤُں۔

16 خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ بنی اِسرائیل کے بزُرگوں میں سے ستّر مَرد جِن کو تُو جانتا ہے کہ قَوم کے بزُرگ اور اُن کے سردار ہیں میرے حضُور جمع کر اور اُن کو خَیمۂِ اِجتماع کے پاس لے آتاکہ وہ تیرے ساتھ وہاں کھڑے ہوں۔

17 اور مَیں اُتر کر تیرے ساتھ وہاں باتیں کرُوں گا اور مَیں اُس رُوح میں سے جو تُجھ میں ہے کُچھ لے کر اُن میں ڈال دُوں گا کہ وہ تیرے ساتھ قَوم کا بوجھ اُٹھائیں تاکہ تُو اُسے اکیلا نہ اُٹھائے۔

18 اور لوگوں سے کہہ کہ کل کے لِئے اپنے کو پاک کر رکھّو تو تُم گوشت کھاؤ گے کیونکہ تُم خُداوند کے سُنتے ہُوئے یہ کہہ کہہ کر روئے ہو کہ ہم کو کَون گوشت کھانے کو دے گا؟ ہم تو مِصر ہی میں مَوج سے تھے ۔ سو خُداوند تُم کو گوشت دے گا اور تُم کھانا۔

19 اور تُم ایک یا دو دِن نہیں اور نہ پانچ یا دس یا بِیس دِن۔

20 بلکہ ایک مہِینہ کامِل اُسے کھاتے رہو گے جب تک وہ تُمہارے نتھنوں سے نِکلنے نہ لگے اور تُم اُس سے گِھن نہ کھانے لگو کیونکہ تُم نے خُداوند کو جو تُمہارے درمِیان ہے ترک کِیا اور اُس کے سامنے یہ کہہ کہہ کر روئے ہو کہ ہم مِصر سے کیوں نِکل آئے؟۔

21 پِھر مُوسیٰ کہنے لگا کہ جِن لوگوں میں مَیں ہُوں اُن میں چھ لاکھ تو پیادے ہی ہیں اور تُو نے کہا ہے کہ مَیں اُن کو اِتنا گوشت دُوں گا کہ وہ مہِینہ بھر اُسے کھاتے رہیں گے۔

22 سو کیا بھیڑ بکریوں کے یہ ریوڑ اور گائے بَیلوں کے جُھنڈ اُن کی خاطِر ذبح ہوں کہ اُن کے لِئے بس ہو؟ یا سمُندر کی سب مچھلِیاں اُن کی خاطِر اِکٹّھی کی جائیں کہ اُن سب کے لِئے کافی ہو؟۔

23 خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کیا خُداوند کا ہاتھ چھوٹا ہو گیا ہے؟ اب تُو دیکھ لے گا کہ جو مَیں نے تُجھ سے کہا ہے وہ پُورا ہوتا ہے یا نہیں۔

24 تب مُوسیٰ نے باہِر جا کر خُداوند کی باتیں اُن لوگوں کو کہہ سُنائِیں اور قَوم کے بزُرگوں میں سے ستّر شخص اِکٹّھے کر کے اُن کو خَیمہ کے گِردا گِرد کھڑا کر دِیا۔

25 تب خُداوند ابر میں ہو کر اُترا اور اُس نے مُوسیٰ سے باتیں کِیں اور اُس رُوح میں سے جو اُس میں تھی کُچھ لے کر اُسے اُن ستّر بزُرگوں میں ڈالا ۔ چُنانچہ جب رُوح اُن میں آئی تو وہ نبُوّت کرنے لگے لیکن بعد میں پِھر کبھی نہ کی۔

26 پر اُن میں سے دو شخص لشکرگاہ ہی میں رہ گئے ۔ ایک کا نام اِلداد اور دُوسرے کا میداد تھا ۔ اُن میں بھی رُوح آئی ۔ یہ بھی اُن ہی میں سے تھے جِن کے نام لِکھ لِئے گئے تھے پر یہ خَیمہ کے پاس نہ گئے اور لشکرگاہ ہی میں نبُوّت کرنے لگے۔

27 تب کِسی جوان نے دَوڑ کر مُوسیٰ کو خبر دی اور کہنے لگا کہ اِلداد اور میداد لشکرگاہ میں نبُوّت کر رہے ہیں۔

28 سو مُوسیٰ کے خادِم نُون کے بیٹے یشُوع نے جو اُس کے چُنے ہُوئے جوانوں میں سے تھا مُوسیٰ سے کہا اَے میرے مالِک مُوسیٰ ! تُو اُن کو روک دے۔

29 مُوسیٰ نے اُسے کہا کیا تُجھے میری خاطِر رشک آتا ہے؟ کاش خُداوند کے سب لوگ نبی ہوتے اور خُداوند اپنی رُوح اُن سب میں ڈالتا۔

30 پِھر مُوسیٰ اور وہ اِسرائیلی بزُرگ لشکرگاہ میں گئے۔

خُداوند بٹیریں بھیجتا ہے

31 اور خُداوند کی طرف سے ایک آندھی چلی اور سمُندر سے بٹیریں اُڑا لائی اور اُن کو لشکرگاہ کے برابر اور اُس کے گِردا گِرد ایک دِن کی راہ تک اِس طرف اور ایک ہی دِن کی راہ تک دُوسری طرف زمِین سے قرِیباً دو دو ہاتھ اُوپر ڈال دِیا۔

32 اور لوگوں نے اُٹھ کر اُس سارے دِن اور اُس ساری رات اور اُس کے دُوسرے دِن بھی بٹیریں جمع کِیں اور جِس نے کم سے کم جمع کی تِھیں اُس کے پاس بھی دس خومر کے برابر جمع ہو گئِیں اور اُنہوں نے اپنے لِئے لشکرگاہ کی چاروں طرف اُن کو پَھیلا دِیا۔

33 اور اُن کا گوشت اُنہوں نے دانتوں سے کاٹا ہی تھا اور اُسے چبانے بھی نہیں پائے تھے کہ خُداوند کا قہر اُن لوگوں پر بھڑک اُٹھا اور خُداوند نے اُن لوگوں کو بڑی سخت وبا سے مارا۔

34 سو اُس مقام کا نام قِبروت ہَتّاوہ رکھّا گیا کیونکہ اُنہوں نے اُن لوگوں کو جنہوں نے حِرص کی تھی وہیں دفن کِیا۔

35 اور وہ لوگ قِبروت ہَتّاوہ سے سفر کر کے حصیرا ت کو گئے اور وہِیں حصیرا ت میں رہنے لگے۔

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22 23 24 25 26 27 28 29 30 31 32 33 34 35 36