33 مرار ی سے مَحلِیوں اور مُوشیوں کے خاندان چلے ۔ یہ مراریوں کے خاندان ہیں۔
34 اِن میں جِتنے فرزندِ نرینہ ایک مہِینے اور اُس سے اُوپر اُوپر کے تھے وہ چھ ہزار دو سَو تھے۔
35 اور اَبی خَئِیل کا بیٹا صُور ی ایل مراریوں کے گھرانوں کے آبائی خاندان کا سردار ہو ۔ یہ لوگ مسکن کی شِمالی سِمت میں اپنے ڈیرے ڈالا کریں۔
36 اور مسکن کے تختوں اور اُس کے بینڈوں اور سُتُونوں اور خانوں اور اُس کے سب آلات اور اُس کی خِدمت کے سب لوازِم کی مُحافظت۔
37 اور صحن کے گِرداگِرد کے سُتُونوں اور اُن کے خانوں اور میخوں اور رسِّیوں کی نگرانی بنی مراری کے ذِمّہ ہو۔
38 اور مسکن کے آگے مشرِق کی طرف جِدھر سے سُورج نِکلتا ہے یعنی خَیمۂِ اِجتماع کے آگے مُوسیٰ اور ہارُون اور اُس کے بیٹے اپنے ڈیرے ڈالا کریں اور بنی اِسرائیل کے بدلے مَقدِس کی حِفاظت کِیا کریں اور جو اجنبی شخص اُس کے نزدِیک آئے وہ جان سے مارا جائے۔
39 سو لاوِیوں میں سے جِتنے ایک مہِینے اور اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کے تھے اُن کو مُوسیٰ اور ہارُون نے خُداوند کے حُکم کے مُوافِق اُن کے گھرانوں کے مُطابِق گِنا ۔ وہ شُمار میں بائِیس ہزار تھے۔