12 پر اگر اُس کے شَوہر نے جِس دِن یہ سب سُنا اُسی دِن اُسے باطِل ٹھہرایا ہو تو جو کُچھ اُس عَورت کے مُنہ سے اُس کی مَنّتوں اور ٹھہرائے ہُوئے فرض کے بارے میں نِکلا ہے وہ قائِم نہیں رہے گا ۔ اُس کے شَوہر نے اُن کو توڑ ڈالا ہے اور خُداوند اُس عَورت کو معذُور رکھّے گا۔
13 اُس کی ہر مَنّت کو اور اپنی جان کو دُکھ دینے کی ہر قَسم کو اُس کا شَوہر چاہے تو قائِم رکھّے یا اگر چاہے تو باطِل ٹھہرائے۔
14 پر اگر اُس کا شَوہر روز بروز خاموش ہی رہے تو وہ گویا اُس کی سب مَنّتوں اور ٹھہرائے ہُوئے فرضوں کو قائِم کر دیتا ہے ۔ اُس نے اُن کو قائِم یُوں کِیا کہ جِس دِن سے سب سُنا وہ خاموش ہی رہا۔
15 پر اگر وہ اُن کو سُن کر بعد میں اُن کو باطِل ٹھہرائے تو وہ اُس عَورت کا گُناہ اُٹھائے گا۔
16 شَوہر اور بِیوی کے درمیان اور باپ بیٹی کے درمِیان جب بیٹی نَوجوانی کے ایّام میں باپ کے گھر ہو اِن ہی آئِین کا حُکم خُداوند نے مُوسیٰ کو دِیا۔