2 اور مُوسیٰ نے اُن کے سفر کا حال اُن کی منزِلوں کے مُطابِق خُداوند کے حُکم سے قلمبند کِیا ۔ سو اُن کے سفر کی منزِلیں یہ ہیں۔
3 پہلے مہِینے کی پندرھوِیں تارِیخ کو اُنہوں نے رعمسِیس سے کُوچ کِیا ۔ فَسح کے دُوسرے دِن سب بنی اِسرائیل کے لوگ سب مِصرِیوں کی آنکھوں کے سامنے بڑے فخر سے روانہ ہُوئے۔
4 اُس وقت مِصری اپنے پہلوٹھوں کو جِن کو خُداوند نے مارا تھا دفن کر رہے تھے ۔ خُداوند نے اُن کے دیوتاؤں کو بھی سزا دی تھی۔
5 سو بنی اِسرائیل نے رعمسِیس سے کُوچ کر کے سُکّات میں ڈیرے ڈالے۔
6 اور سُکّات سے کُوچ کر کے ایتام میں جو بیابان سے مِلا ہُؤا ہے مُقِیم ہُوئے۔
7 پِھر ایتام سے کُوچ کر کے فی ہخِیروت کو جو بعل صفون کے مُقابِل ہے مُڑ گئے اور مِجدا ل کے سامنے ڈیرے ڈالے۔
8 پِھر اُنہوں نے فی ہخِیروت کے سامنے سے کُوچ کِیا اور سمُندر کے بِیچ سے گُذر کر بیابان میں داخِل ہُوئے اور دشتِ ایتا م میں تِین دِن کی راہ چل کر مارہ میں پڑاؤ کِیا۔