یشُوع 10:21-27 URD

21 تو سب لوگ مقّیدہ میں یشُوع کے پاس لشکرگاہ کو سلامت لَوٹےاور کِسی نے بنی اِسرائیل میں سے کِسی کے برخِلاف زُبان نہ ہِلائی۔

22 پِھر یشُوع نے حُکم دِیا کہ غار کا مُنہ کھولو اور اُن پانچوں بادشاہوں کو غار سے باہر نِکال کر میرے پاس لاؤ۔

23 اُنہوں نے اَیسا ہی کِیا اور وہ اُن پانچوں بادشاہوں کو یعنی شاہِ یرو شلِیم اور شاہِ حبرو ن اور شاہِ یرمو ت اور شاہِ لکِیس اور شاہِ عجلُو ن کو غار سے نِکال کر اُس کے پاس لائے۔

24 اور جب وہ اُن کو یشُو ع کے سامنے لائے تو یشُوع نے سب اِسرائیلِیوں کو بُلوایا اور اُن جنگی مَردوں کے سرداروں سے جو اُس کے ساتھ گئے تھے یہ کہا کہ نزدِیک آ کر اپنے اپنے پاؤں اِن بادشاہوں کی گردنوں پر رکھّو ۔ اُنہوں نے نزدِیک آ کر اُن کی گردنوں پر اپنے اپنے پاؤں رکھّے۔

25 اور یشُوع نے اُن سے کہا خَوف نہ کرو اور ہِراساں مت ہو ۔ مضبُوط ہو جاؤ اور حَوصلہ رکھّو اِس لِئے کہ خُداوند تُمہارے سب دُشمنوں سے جِن کا مُقابلہ تُم کرو گے اَیسا ہی کرے گا۔

26 اِس کے بعد یشُوع نے اُن کو مارا اور قتل کِیا اور پانچ درختوں پر اُن کو ٹانگ دِیا ۔ سو وہ شام تک درختوں پر ٹنگے رہے۔

27 اور سُورج ڈُوبتے وقت اُنہوں نے یشُوع کے حُکم سے اُن کو درختوں پر سے اُتار کر اُسی غار میں جِس میں وہ جا چُھپے تھے ڈال دِیا اور غار کے مُنہ پر بڑے بڑے پتّھر دھر دِئے جو آج تک ہیں۔