1 اور بنی یہُوداہ کے قبِیلہ کا حِصّہ اُن کے گھرانوں کے مُطابِق قُرعہ ڈال کرادُوم کی سرحد تک اور جنُوب میں دشتِ صِین تک جو جنُوب کے اِنتہائی حِصّہ میں واقِع ہے ٹھہرا۔
2 اور اُن کی جنُوبی حد دریایِ شور کے اِنتہائی حِصّہ کی اُس کھاڑی سے جِس کا رُخ جنُوب کی طرف ہے شرُوع ہُوئی۔
3 اور وہ عقر بّیِم کی چڑھائی کی جنُوبی سمت سے نِکل صِین ہوتی ہُوئی قادِس برنِیع کے جنُوب کو گئی ۔ پِھر حصرو ن کے پاس سے ادار کو جا کر قرقع کو مُڑی۔
4 اور وہاں سے عضمُو ن ہوتی ہُوئی مِصر کے نالے کو جا نِکلی اور اُس حد کا خاتِمہ سمُندر پر ہُؤا ۔ یِہی تُمہاری جنُوبی سرحد ہو گی۔