یشُوع 24:15-21 URD

15 اور اگر خُداوند کی پرستِش تُم کو بُری معلُوم ہوتی ہو تو آج ہی تُم اُسے جِس کی پرستِش کرو گے چُن لو۔ خواہ وہ وُہی دیوتا ہوں جِن کی پرستِش تُمہارے باپ دادا بڑے دریا کے اُس پار کرتے تھے یا اموریوں کے دیوتا ہوں جِن کے مُلک میں تُم بسے ہو ۔ اب رہی میری اور میرے گھرانے کی بات سو ہم تو خُداوند کی پرستِش کریں گے۔

16 تب لوگوں نے جواب دِیا کہ خُدا نہ کرے کہ ہم خُداوند کو چھوڑ کر اَور معبُودوں کی پرستِش کریں۔

17 کیونکہ خُداوند ہمارا خُدا وُہی ہے جِس نے ہم کو اور ہمارے باپ دادا کو مُلکِ مِصر یعنی غُلامی کے گھر سے نِکالا اور وہ بڑے بڑے نِشان ہمارے سامنے دِکھائے اور سارے راستہ جِس میں ہم چلے اور اُن سب قَوموں کے درمِیان جِن میں سے ہم گُذرے ہم کو محفُوظ رکھّا۔

18 اور خُداوند نے سب قَوموں یعنی اموریوں کو جو اِس مُلک میں بستے تھے ہمارے سامنے سے نِکال دِیا ۔ سو ہم بھی خُداوند کی پرستِش کریں گے کیونکہ وہ ہمارا خُدا ہے۔

19 یشُوع نے لوگوں سے کہا تُم خُداوند کی پرستِش نہیں کر سکتے کیونکہ وہ پاک خُدا ہے ۔ وہ غیُور خُدا ہے ۔ وہ تُمہاری خطائیں اور تُمہارے گُناہ نہیں بخشے گا۔

20 اگر تُم خُداوند کو چھوڑ کر اجنبی معبُودوں کی پرستِش کرو تو اگرچہ وہ تُم سے نیکی کرتا رہا ہے تَو بھی وہ پِھر کر تُم سے بُرائی کرے گا اور تُم کو فنا کر ڈالے گا۔

21 لوگوں نے یشُوع سے کہا نہیں بلکہ ہم خُداوند ہی کی پرستِش کریں گے۔