۲-سلاطِین 21:3-9 URD

3 کیونکہ اُس نے اُن اُونچے مقاموں کو جِن کو اُس کے باپ حِزقیاہ نے ڈھایا تھا پِھر بنایا اور بعل کے لِئے مذبحے بنائے اور یسِیرت بنائی جَیسے شاہِ اِسرا ئیل اخی ا ب نے کِیا تھا اور آسمان کی ساری فَوج کو سِجدہ کرتا اور اُن کی پرستِش کرتا تھا۔

4 اور اُس نے خُداوند کی ہَیکل میں جِس کی بابت خُداوند نے فرمایا تھا کہ مَیں یروشلیِم میں اپنا نام رکھُّوں گا مذبحے بنائے۔

5 اور اُس نے آسمان کی ساری فَوج کے لِئے خُداوند کی ہَیکل کے دونوں صحنوں میں مذبحے بنائے۔

6 اور اُس نے اپنے بیٹے کو آگ میں چلایا اور وہ شگُون نِکالتا اور افسُونگری کرتا اور جِنّات کے یاروں اور جادُوگروں سے تعلُّق رکھتا تھا ۔ اُس نے خُداوند کے آگے اُس کو غُصّہ دِلانے کے لِئے بڑی شرارت کی۔

7 اور اُس نے یسِیرت کی کھودی ہُوئی مُورت کو جِسے اُس نے بنایا تھا اُس گھر میں نصب کِیا جِس کی بابت خُداوند نے داؤُد اور اُس کے بیٹے سُلیما ن سے کہا تھا کہ اِسی گھر میں اور یروشلیِم میں جِسے مَیں نے بنی اِسرائیل کے سب قبِیلوں میں سے چُن لِیا ہے مَیں اپنا نام ابد تک رکھُّوں گا۔

8 اور مَیں اَیسا نہ کرُوں گا کہ بنی اِسرائیل کے پاؤں اُس مُلک سے باہر آوارہ پِھریں جِسے مَیں نے اُن کے باپ دادا کو دِیا بشرطیکہ وہ اُن سب احکام کے مُطابِق اور اُس شرِیعت کے مُطابِق جِس کا حُکم میرے بندہ مُوسیٰ نے اُن کو دِیا عمل کرنے کی اِحتِیاط رکھّیں۔

9 پر اُنہوں نے نہ مانا اور منسّی نے اُن کو بہکایا کہ وہ اُن قَوموں کی نِسبت جِن کو خُداوند نے بنی اِسرائیل کے آگے سے نابُود کِیا زِیادہ بدی کریں۔