1 اور شاہِ ارا م کے لشکر کا سردار نعما ن اپنے آقا کے نزدِیک مُعزّز و مُکرّم شخص تھا کیونکہ خُداوند نے اُس کے وسِیلہ سے ارا م کو فتح بخشی تھی ۔ وہ زبردست سُورما بھی تھا لیکن کوڑھی تھا۔
2 اور ارامی دَل باندھ کر نِکلے تھے اور اِسرا ئیل کے مُلک میں سے ایک چھوٹی لڑکی کو اسِیر کر کے لے آئے تھے ۔ وہ نعما ن کی بِیوی کی خِدمت کرتی تھی۔
3 اُس نے اپنی بی بی سے کہا کاش میرا آقا اُس نبی کے ہاں ہوتا جو سامرِ یہ میں ہے تو وہ اُسے اُس کے کوڑھ سے شِفا دے دیتا۔
4 سو کِسی نے اندر جا کر اپنے مالِک سے کہا وہ چھوکری جو اِسرا ئیل کے مُلک کی ہے اَیسا اَیسا کہتی ہے۔
5 سو ارا م کے بادشاہ نے کہا تُو جا اور مَیں شاہِ اِسرا ئیل کو خط بھیجُوں گا ۔سو وہ روانہ ہُؤا اور دس قِنطار چاندی اور چھ ہزار مِثقال سونا اور دس جوڑے کپڑے اپنے ساتھ لے لِئے۔
6 اور وہ اُس خط کو شاہِ اِسرا ئیل کے پاس لایا جِس کا مضمُون یہ تھا کہ یہ نامہ جب تُجھ کو مِلے تو جان لینا کہ مَیں نے اپنے خادِم نعما ن کو تیرے پاس بھیجا ہے تاکہ تُو اُس کے کوڑھ سے اُسے شِفا دے۔