۲۔کرنتھیوں 9:1-6 UGV

1 اصل میں اِس کی ضرورت نہیں کہ مَیں آپ کو اُس کام کے بارے میں لکھوں جو ہمیں یہودیہ کے مُقدّسین کی خدمت میں کرنا ہے۔

2 کیونکہ مَیں آپ کی گرم جوشی جانتا ہوں، اور مَیں مکدُنیہ کے ایمان داروں کے سامنے آپ پر فخر کرتا رہا ہوں کہ ”اخیہ کے لوگ پچھلے سال سے دینے کے لئے تیار تھے۔“ یوں آپ کی سرگرمی نے زیادہ تر لوگوں کو خود دینے کے لئے اُبھارا۔

3 اب مَیں نے اِن بھائیوں کو بھیج دیا ہے تاکہ ہمارا آپ پر فخر بےبنیاد نہ نکلے بلکہ جس طرح مَیں نے کہا تھا آپ تیار رہیں۔

4 ایسا نہ ہو کہ جب مَیں مکدُنیہ کے کچھ بھائیوں کو ساتھ لے کر آپ کے پاس پہنچوں گا تو آپ تیار نہ ہوں۔ اُس وقت مَیں، بلکہ آپ بھی شرمندہ ہوں گے کہ مَیں نے آپ پر اِتنا اعتماد کیا ہے۔

5 اِس لئے مَیں نے اِس بات پر زور دینا ضروری سمجھا کہ بھائی پہلے ہی آپ کے پاس آ کر اُس ہدیئے کا انتظام کریں جس کا وعدہ آپ نے کیا ہے۔ کیونکہ مَیں چاہتا ہوں کہ میرے آنے تک یہ ہدیہ جمع کیا گیا ہو اور ایسا نہ لگے جیسا اِسے مشکل سے آپ سے نکالنا پڑا۔ اِس کے بجائے آپ کی سخاوت ظاہر ہو جائے۔

6 یاد رہے کہ جو شخص بیج کو بچا بچا کر بوتا ہے اُس کی فصل بھی اُتنی کم ہو گی۔ لیکن جو بہت بیج بوتا ہے اُس کی فصل بھی بہت زیادہ ہو گی۔