یرمیا 33:9-15 UGV

9 تب یروشلم پوری دنیا میں میرے لئے مسرت، شہرت، تعریف اور جلال کا باعث بنے گا۔ دنیا کے تمام ممالک میری اُس پر مہربانی دیکھ کر متاثر ہو جائیں گے۔ وہ گھبرا کر کانپ اُٹھیں گے جب اُنہیں پتا چلے گا کہ مَیں نے یروشلم کو کتنی برکت اور سکون مہیا کیا ہے۔

10 تم کہتے ہو، ’ہمارا شہر ویران و سنسان ہے۔ اُس میں نہ انسان، نہ حیوان رہتے ہیں۔‘ لیکن رب فرماتا ہے کہ یروشلم اور یہوداہ کے دیگر شہروں کی جو گلیاں اِس وقت ویران اور انسان و حیوان سے خالی ہیں،

11 اُن میں دوبارہ خوشی و شادمانی، دُولھے دُلھن کی آواز اور رب کے گھر میں شکرگزاری کی قربانیاں پہنچانے والوں کے گیت سنائی دیں گے۔ اُس وقت وہ گائیں گے، ’رب الافواج کا شکر کرو، کیونکہ رب بھلا ہے، اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔‘ کیونکہ مَیں اِس ملک کو پہلے کی طرح بحال کر دوں گا۔ یہ رب کا فرمان ہے۔

12 رب الافواج فرماتا ہے کہ فی الحال یہ مقام ویران اور انسان و حیوان سے خالی ہے۔ لیکن آئندہ یہاں اور باقی تمام شہروں میں دوبارہ ایسی چراگاہیں ہوں گی جہاں گلہ بان اپنے ریوڑوں کو چَرائیں گے۔

13 تب پورے ملک میں چرواہے اپنے ریوڑوں کو گنتے اور سنبھالتے ہوئے نظر آئیں گے، خواہ پہاڑی علاقے کے شہروں یا مغرب کے نشیبی پہاڑی علاقے میں دیکھو، خواہ دشتِ نجب یا بن یمین کے قبائلی علاقے میں معلوم کرو، خواہ یروشلم کے دیہات یا یہوداہ کے باقی شہروں میں دریافت کرو۔ یہ رب کا فرمان ہے۔

14 رب فرماتا ہے کہ ایسا وقت آنے والا ہے جب مَیں وہ اچھا وعدہ پورا کروں گا جو مَیں نے اسرائیل کے گھرانے اور یہوداہ کے گھرانے سے کیا ہے۔

15 اُس وقت مَیں داؤد کی نسل سے ایک راست باز کونپل پھوٹنے دوں گا، اور وہی ملک میں انصاف اور راستی قائم کرے گا۔