1 پِچھلی برسات کی بارِش کے لِئے خُداوند سے دُعا کرو ۔ خُداوند سے جو بِجلی چمکاتا ہے ۔ وہ بارِش بھیجے گا اور مَیدان میں سب کے لِئے گھاس اُگائے گا۔
2 کیونکہ تِرافِیم نے بطالت کی باتیں کہی ہیں اور غَیب بِینوں نے بطالت دیکھی اور جُھوٹے خواب بیان کِئے ہیں۔ اُن کی تسلّی بے حقِیقت ہے اِس لِئے وہ بھیڑوں کی مانِند بھٹک گئے۔ اُنہوں نے دُکھ پایا کیونکہ اُن کا کوئی چرواہا نہ تھا۔
3 میرا غضب چرواہوں پر بھڑکا ہے اور مَیں پیشواؤں کو سزا دُوں گا تَو بھی ربُّ الافواج نے اپنے گلّہ یعنی بنی یہُوداہ پر نظر کی ہے اور اُن کو گویا اپنا خُوب صُورت جنگی گھوڑا بنائے گا۔
4 اُن ہی میں سے کونے کا پتھّر اور کُھونٹی اور جنگی کمان اور سب حاکِم نِکلیں گے۔