زکریاہ 2 URD

جرِیب کی رویا

1 پِھر مَیں نے آنکھ اُٹھا کر نِگاہ کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک شخص جرِیب ہاتھ میں لِئے کھڑا ہے۔

2 اور مَیں نے پُوچھا تُو کہاں جاتا ہے؟اُس نے مُجھے جواب دِیا یروشلیِم کی پَیمایش کو تاکہ دیکُھوں کہ اُس کی چَوڑائی اور لمبائی کِتنی ہے۔

3 اور دیکھو وہ فرِشتہ جو مُجھ سے گُفتگُو کرتا تھا روانہ ہُؤا اور دُوسرا فرِشتہ اُس کے پاس آیا۔

4 اور اُس سے کہا دَوڑ اور اِس جوان سے کہہ کہ یروشلیِم اِنسان و حَیوان کی کثرت کے باعِث بے فصِیل بستِیوں کی مانِند آباد ہو گا۔

5 کیونکہ خُداوند فرماتا ہے مَیں اُس کے لِئے چاروں طرف آتِشی دِیوار ہُوں گا اور اُس کے اندر اُس کی شَوکت۔

جلاوطنوں کو واپس آنے کی پُکار

6 سُنو! خُداوند فرماتا ہے شِمال کی سرزمِین سے جہاں تُم آسمان کی چاروں ہواؤں کی مانِند پراگندہ کِئے گئے نِکل بھاگو خُداوند فرماتا ہے۔

7 اَے صِیُّون تُو جو دُخترِ بابل کے ساتھ بستی ہے نِکل بھاگ۔

8 کیونکہ ربُّ الافواج جِس نے مُجھے اپنے جلال کی خاطِراُن قَوموں کے پاس بھیجا ہے جِنہوں نے تُم کو غارت کِیا یُوں فرماتا ہے کہجو کوئی تُم کو چُھوتا ہے میری آنکھ کی پُتلی کو چُھوتا ہے۔

9 کیونکہ دیکھ مَیں اُن پر اپنا ہاتھ ہِلاؤُں گا اور وہ اپنے غُلاموں کے لِئے لُوٹ ہوں گے ۔تب تُم جانو گے کہ ربُّ الافواج نے مُجھے بھیجا ہے۔

10 اَے دُخترِ صِیُّون تُو گا اور خُوشی کر کیونکہ دیکھ مَیں آ کر تیرے اندر سکُونت کرُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔

11 اور اُس وقت بُہت سی قَومیں خُداوند سے میل کریں گی اور میری اُمّت ہوں گی اور مَیں تیرے اندر سکُونت کرُوں گا ۔ تب تُو جانے گی کہ ربُّ الافواج نے مُجھے تیرے پاس بھیجا ہے۔

12 اور خُداوند یہُوداہ کو مُلکِ مُقدّس میں اپنی مِیراث کا بخرہ ٹھہرائے گا اور یروشلیِم کو قبُول فرمائے گا۔

13 اَے بنی آدم خُداوند کے حضُور خاموش رہو کیونکہ وہ اپنے مُقدّس مسکن سے اُٹھا ہے۔

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14