11 چُونکہ بُرے کام پر سزا کا حُکم فَوراً نہیں دِیا جاتا اِس لِئے بنی آدم کا دِل اُن میں بدی پر بہ شِدّت مائِل ہے۔
12 اگرچہ گُنہگار سَو بار بُرائی کرے اور اُس کی عُمر درازہو تَو بھی مَیں یقِیناً جانتا ہُوں کہ اُن ہی کا بھلاہو گا جو خُدا ترس ہیں اور اُس کے حضُور کانپتے ہیں۔
13 لیکن گُنہگار کا بھلا کبھی نہ ہو گا اور نہ وہ اپنے دِنوں کو سایہ کی مانِند بڑھائے گا اِس لِئے کہ وہ خُداکے حضُور کانپتا نہیں۔
14 ایک بطالت ہے جو زمِین پر وُقُوع میں آتی ہے کہ نیکوکارلوگ ہیں جِن کو وہ کُچھ پیش آتا ہے جو چاہئے تھا کہ بدکرداروں کو پیش آتا اور شرِیر لوگ ہیں جِن کو وہ کُچھ مِلتا ہے جو چاہئے تھا کہ نیکوکاروں کو مِلتا ۔ مَیں نے کہا کہ یہ بھی بُطلان ہے۔
15 تب مَیں نے خُرّمی کی تعرِیف کی کیونکہ دُنیا میں اِنسان کے لِئے کوئی چِیز اِس سے بِہتر نہیں کہ کھائے اور پِئے اور خُوش رہے کیونکہ یہ اُس کی مِحنت کے دَوران میں اُس کی زِندگی کے تمام ایّام میں جو خُدا نے دُنیا میں اُسے بخشی اُس کے ساتھ رہے گی۔
16 جب مَیں نے اپنا دِل لگایا کہ حِکمت سِیکُھوں اور اُس کام کاج کو جو زمِین پر کِیا جاتا ہے دیکُھوں (کیونکہ کوئی اَیسا بھی ہے جِس کی آنکھوں میں نہ رات کو نِیندآتی ہے نہ دِن کو)۔
17 تب مَیں نے خُدا کے سارے کام پر نِگاہ کی اور جاناکہ اِنسان اُس کام کو جو دُنیا میں کِیا جاتا ہے دریافت نہیں کر سکتا ۔ اگرچہ اِنسان کِتنی ہی مِحنت سے اُس کی تلاش کرے پر کُچھ دریافت نہ کرے گا بلکہ ہر چند دانِش مند کو گُمان ہو کہ اُس کو معلُوم کر لے گا پر وہ کبھی اُس کودریافت نہیں کر سکے گا۔