1 اور یعقُوب نے اپنے بیٹوں کو یہ کہہ کر بُلوایا کہ تُم سب جمع ہو جاؤ تاکہ مَیں تُم کو بتاؤں کہ آخری دِنوں میں تُم پر کیا کیا گُذرے گا۔
2 اَے یعقُوب کے بیٹو جمع ہو کر سُنو۔اور اپنے باپ اِسرائیل کی طرف کان لگاؤ۔
3 اَے رُوبن ! تُو میرا پہلوٹھا میری قُوّت اور میریشہزوری کا پہلا پَھل ہے۔تُو میرے رُعب کی اور میری طاقت کی شان ہے۔
4 تُو پانی کی طرح بے ثبات ہے اِس لِئے تُجھےفضِیلت نہیں مِلے گی۔کیونکہ تُو اپنے باپ کے بِستر پر چڑھا ۔تُو نے اُسے نِجس کِیا ۔ رُوبِن میرے بِچھَونے پرچڑھ گیا۔
5 شمعُو ن اور لاو ی تو بھائی بھائی ہیں ۔اُن کی تلواریں ظُلم کے ہتھیار ہیں۔
6 اَے میری جان! اُن کے مشورہ میں شرِیک نہ ہو ۔اَے میری بزُرگی! اُن کی مجِلس میں شامِل نہ ہو ۔کیونکہ اُنہوں نے اپنے غضب میں ایک مَرد کو قتل کِیا ۔اور اپنی خودرائی سے بَیلوں کی کونچیں کاٹِیں ۔
7 لَعنت اُن کے غضب پر کیونکہ وہ تُند تھااور اُن کے قہر پر کیونکہ وہ سخت تھا ۔مَیں اُنہیں یعقُوب میں الگ الگ اور اِسرائیل میں پراگندہ کر دُوں گا ۔
8 اَے یہُوداہ ! تیرے بھائی تیری مدح کریں گےتیرا ہاتھ تیرے دُشمنوں کی گردن پر ہو گا ۔تیرے باپ کی اَولاد تیرے آگے سرنِگُوں ہو گی۔
9 یہُوداہ شیرِ بَبر کا بچّہ ہے۔اَے میرے بیٹے! تُو شِکار مار کر چل دِیا ہے۔وہ شیرِ بَبر بلکہ شیرنی کی طرحدَبک کر بَیٹھ گیا ۔ کَون اُسے چھیڑے؟
10 یہُوداہ سے سلطنت نہیں چھُوٹے گیاور نہ اُس کی نسل سے حُکومت کا عصا موقُوف ہو گا۔جب تک شِیلو ہ نہ آئےاورقَومیں اُس کی مُطِیع ہوں گی
11 وہ اپنا جوان گدھا انگُور کے درخت سےاور اپنی گدھی کا بچّہ اعلےٰ درجہ کے انگُور کے درخت سےباندھا کرے گا۔ وہ اپنا لِباس مَے میںاور اپنی پوشاک آب ِانگُور میں دھویا کرے گا
12 اُس کی آنکھیں مَے کے سبب سے لالاور اُس کے دانت دُودھ کی وجہ سے سفید رہا کریں گے
13 زبُولُون سمُندر کے کنارے بسے گااور جہازوں کے لِئے بندر کا کام دے گا ۔اور اُس کی حد صَیدا تک پَھیلی ہو گی۔
14 اِشکار مضبُوط گدھا ہےجو دو بھیڑسالوں کے درمِیان بَیٹھا ہے ۔
15 اُس نے ایک اچھّی آرام گاہاور خُوش نُما زمِین کو دیکھ کراپنا کندھا بوجھ اُٹھانے کو جُھکایااور بیگار میں غُلام کی طرح کام کرنے لگا
16 دان اِسرائیل کے قبِیلوں میں سے ایک کی مانِنداپنے لوگوں کا اِنصاف کرے گا ۔
17 دان راستے کا سانپ ہے ۔وہ راہ گُذر کا افعی ہےجو گھوڑے کے عقب کو اَیسا ڈستا ہےکہ اُس کا سوار پچھاڑ کھا کر گِرپڑتا ہے۔
18 اَے خُداوند! مَیں تیری نجات کی راہ دیکھتا آیا ہُوں ۔
19 جد پر ایک فَوج حملہ کرے گیپر وہ اُس کے دُنبالہ پر چھاپا مارے گا۔
20 آشر نفِیس اناج پَیدا کِیا کرے گا اور بادشاہوں کے لائِق لذیذ اشیا مُہیّا کرے گا۔
21 نفتالی اَیسا ہے جَیسے چُھوٹی ہُوئی ہرنی ۔وہ مِیٹھی مِیٹھی باتیں کرتا ہے ۔
22 یُوسف ایک پَھل دار پَودا ہے ۔اَیسا پَھل دار پَودا جو پانی کے چشمہ کے پاس لگا ہُؤا ہواور اُس کی شاخیں دِیوار پرپَھیل گئی ہوں ۔
23 تِیر اندازوں نے اُسے بُہت چھیڑااور مارا اور ستایا ہے
24 لیکن اُس کی کمان مضبُوط رہیاور اُس کے ہاتھوں اور بازُوؤں نےیعقُوب کے قادِر کے ہاتھ سے قُوّت پائی ۔(وہِیں سے وہ چَوپان اُٹھا ہے جو اِسرا ئیل کی چٹانہے۔)
25 یہ تیرے باپ کے خُدا کا کام ہے جو تیری مددکرے گا ۔اُسی قادِرِمُطلق کا کامجو اُوپر سے آسمان کی برکتیںاور نِیچے سے گہرے سمُندر کی برکتیںاور چھاتیوں اور رَحِموں کی برکتیں عطا کرے گا ۔
26 تیرے باپ کی برکتیںمیرے باپ دادا کی برکتوں سے کہِیں زِیادہ ہیںاور قدِیم پہاڑوں کی اِنتہا تک پُہنچی ہیں ۔وہ یُوسف کے سر بلکہ اُس کے سر کی چاندی پرجو اپنے بھائِیوں سے جُدا ہُؤا نازِل ہوں گی۔
27 بِنیمین پھاڑنے والا بھیڑیا ہے ۔وہ صُبح کو شِکار کھائے گااور شام کولُوٹ کا مال بانٹے گا۔
28 اِسرائیل کے بارہ قبیلے یِہی ہیں اور اُن کے باپ نے جو جو باتیں کہہ کر اُن کو برکت دی وہ بھی یِہی ہیں ۔ ہر ایک کو اُس کی برکت کے مُوافِق اُس نے برکت دی۔
29 پِھر اُس نے اُن کوحُکم کِیا اور کہا کہ مَیں اپنے لوگوں میں شامِل ہونے پر ہُوں ۔ مُجھے میرے باپ دادا کے پاس اُس مغارہ میں جو عِفرون حِتّی کے کھیت میں ہے دفن کرنا۔
30 یعنی اُس مغارہ میں جو مُلکِ کنعان میں مَمرے کے سامنے مَکفیلہ کے کھیت میں ہے جِسے ابرہام نے کھیت سمیت عِفرون حِتّی سے مول لیا تھا تاکہ گورِستان کے لِئے وہ اُس کی مِلکِیّت بن جائے۔
31 وہاں اُنہوں نے ابرہام کو اور اُس کی بیوی سارہ کو دفن کِیا ۔ وہِیں اُنہوں نے اِضحاق اور اُس کی بیوی رِبقہ کو دفن کِیا اور وہِیں مَیں نے بھی لیاہ کو دفن کِیا۔
32 یعنی اُسی کھیت کے مغارہ میں جو بنی حِت سے خریدا تھا۔
33 اور جب یعقُوب اپنے بیٹوں کو وصِیّت کر چُکا تو اُس نے اپنے پاؤں بچَھونے پر سمیٹ لِئے اور دَم چھوڑ دِیا اور اپنے لوگوں میں جا مِلا۔