یشُوع 22:7-13 URD

7 منسّی کے آدھے قبِیلہ کو تو مُوسیٰ نے بسن میں مِیراث دی تھی لیکن اُس کے دُوسرے آدھے کو یشُوع نے اُن کے بھائیوں کے درمِیان یَردن کے اِس پار مغرِب کی طرف حِصّہ دِیا اور جب یشُوع نے اُن کو رُخصت کِیا کہ اپنے اپنے ڈیرے کو جائیں تو اُن کو بھی برکت دے کر۔

8 اُن سے کہا کہ بڑی دَولت اور بُہت سے چَوپائے اور چاندی اور سونا اور پِیتل اور لوہا اور بُہت سی پوشاک لے کر تُم اپنے اپنے ڈیرے کو لَوٹو اور اپنے دُشمنوں کے مالِ غنِیمت کو اپنے بھائیوں کے ساتھ بانٹ لو۔

9 تب بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کا آدھا قبِیلہ لَوٹے اور وہ بنی اِسرائیل کے پاس سے سَیلا سے جو مُلکِ کنعان میں ہے روانہ ہُوئے تاکہ وہ اپنے مِیراثی مُلک جِلعاد کو لَوٹ جائیں جِس کے مالِک وہ خُداوند کے اُس حُکم کے مُطابِق ہُوئے تھے جو اُس نے مُوسیٰ کی معرفت دِیا تھا۔

10 اور جب وہ یَردن کے پاس کے اُس مقام میں پُہنچے جو مُلکِ کنعان میں ہے تو بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ نے وہاں یَردن کے پاس ایک مذبح جو دیکھنے میں بڑا مذبح تھا بنایا۔

11 اور بنی اِسرائیل کے سُننے میں آیا کہ دیکھو بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ نے مُلکِ کنعان کے سامنے یَردن کے گِرد کے مقام میں اُس رُخ پر جو بنی اِسرائیل کا ہے ایک مذبح بنایا ہے۔

12 جب بنی اِسرائیل نے یہ سُنا تو بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سَیلا میں فراہم ہُوئی تاکہ اُن پر چڑھ جائے اور لڑے۔

13 اور بنی اِسرائیل نے الِیعزر کاہِن کے بیٹے فِینحاس کو بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کے پاس جو مُلکِ جِلعاد میں تھے بھیجا۔