۲-سموئیل 15:31-37 URD

31 اور کِسی نے داؤُد کو بتایا کہ اخِیتُفل بھی مُفسِدوں میں شامِل اور ابی سلو م کے ساتھ ہے۔ تب داؤُد نے کہا اَے خُداوند! مَیں تُجھ سے مِنّت کرتا ہُوں کہ اخِیتُفل کی صلاح کو بیُوقُوفی سے بدل دے۔

32 جب داؤُد چوٹی پر پُہنچا جہاں خُدا کو سِجدہ کِیا کرتے تھے تو ارکی حُوسی اپنی قبا پھاڑے اور سر پر خاک ڈالے اُس کے اِستِقبال کو آیا۔

33 اور داؤُد نے اُس سے کہا اگر تُو میرے ساتھ جائے تو مُجھ پر بار ہو گا۔

34 پر اگر تُو شہر کو لَوٹ جائے اور ابی سلو م سے کہے کہ اَے بادشاہ مَیں تیرا خادِم ہُوں گا جَیسے گُذرے زمانہ میں تیرے باپ کا خادِم رہا وَیسے ہی اب تیرا خادِم ہُوں تو تُو میری خاطِراخِیتُفل کی مشوَرت کو باطِل کر دے گا۔

35 اور کیا وہاں تیرے ساتھ صدُو ق اور ابیاتر کاہِن نہ ہوں گے؟ سو جو کُچھ تُو بادشاہ کے گھر میں سُنے اُسے صدُو ق اور ابیاتر کاہِنوں کو بتا دینا۔

36 دیکھ وہاں اُن کے ساتھ اُن کے دونوں بیٹے ہیں یعنی صدُو ق کا بیٹا اخیِمعض اور ابیاتر کا بیٹا یُونتن سو جو کُچھ تُم سُنو اُسے اُن کی معرفت مُجھے کہلا بھیجنا۔

37 سو داؤُد کا دوست حُوسی شہر میں آیا اور ابی سلو م بھی یروشلیِم میں پُہنچ گیا۔