خُرُوج 35:22-28 URD

22 اور کیا مَرد کیا عَورت جِتنوں کا دِل چاہا وہ سب جُگنو بالیاں انگشتریاں اور بازُوبند جو سب سونے کے زیور تھے لانے لگے ۔ اِس طریقہ سے لوگوں نے خُداوند کو سونے کا ہدیہ دِیا۔

23 اور جِس جِس کے پاس آسمانی رنگ اور ارغوانی رنگ اور سُرخ رنگ کے کپڑے اور مہِین کتان اور بکریوں کی پشم اور مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالیں اور تخس کی کھالیں تِھیں وہ اُن کو لے آئے۔

24 جِس نے چاندی یا پِیتل کا ہدیہ دینا چاہا وہ وَیسا ہی ہدیہ خُداوند کے لِئے لایا اور جِس کِسی کے پاس کِیکر کی لکڑی تھی وہ اُسی کو لے آیا۔

25 اور جِتنی عَورتیں ہوشیار تِھیں اُنہوں نے اپنے ہاتھوں سے کات کات کر آسمانی ارغوانی اور سُرخ رنگ کے اور مہِین کتان کے تار لا کر دِئے۔

26 اور جِتنی عَورتوں کے دِل حِکمت کی طرف مائِل تھے اُنہوں نے بکریوں کی پشم کاتی۔

27 اور جو سردار تھے وہ افُود اور سِینہ بند کے لِئے سُلیمانی پتّھر اور اَور جڑاؤ پتّھر۔

28 اور رَوشنی اور مَسح کرنے کے تیل اور خُوشبُودار بخُور کے لِئے مصالِح اور تیل لائے۔