قُضاۃ 1 URD

یہُودا ہ اور شمعُون کے قبِیلے ادُونی بز ق کو گرِفتار کرتے ہیں

1 اور یشُوع کی مَوت کے بعد یُوں ہُؤا کہ بنی اِسرائیل نے خُداوند سے پُوچھا کہ ہماری طرف سے کنعانِیوں سے جنگ کرنے کو پہلے کَون چڑھائی کرے؟۔

2 خُداوند نے کہا کہ یہُوداہ چڑھائی کرے اور دیکھو مَیں نے یہ مُلک اُس کے ہاتھ میں کر دِیا ہے۔

3 تب یہُوداہ نے اپنے بھائی شمعُو ن سے کہا کہ تُو میرے ساتھ میرے قُرعہ کے حِصّہ میں چل تاکہ ہم کنعانِیوں سے لڑیں اور اِسی طرح مَیں بھی تیرے قُرعہ کے حِصّہ میں تیرے ساتھ چلُوں گا ۔ سو شمعُو ن اُس کے ساتھ گیا۔

4 اور یہُوداہ نے چڑھائی کی اور خُداوند نے کنعانِیوں اور فرِزّیوں کو اُن کے ہاتھ میں کر دِیا اور اُنہوں نے بزق میں اُن میں سے دس ہزار مَرد قتل کِئے۔

5 اور ادُو نی بزق کو بزق میں پاکر وہ اُس سے لڑے اور کنعانِیوں اور فرِزّیوں کو مارا۔

6 پر ادُو نی بزق بھاگا اور اُنہوں نے اُس کا پِیچھا کر کے اُسے پکڑ لِیا اور اُس کے ہاتھ اور پاؤں کے انگُوٹھے کاٹ ڈالے۔

7 تب ادُو نی بزق نے کہا کہ ہاتھ اور پاؤں کے انگُوٹھے کٹے ہُوئے ستّر بادشاہ میری میز کے نِیچے ریزہ چِینی کرتے تھے سو جَیسا مَیں نے کِیا وَیسا ہی خُدا نے مُجھے بدلہ دِیا ۔ پِھر وہ اُسے یروشلِیم میں لائے اور وہ وہاں مَر گیا۔

یہُودا ہ کا قبِیلہ یروشلیِم اورحبرُو ن کو فتح کرتا ہے

8 اور بنی یہُوداہ نے یروشلِیم سے لڑ کر اُسے لے لِیا اور اُسے تہِ تیغ کر کے شہر کو آگ سے پُھونک دِیا۔

9 اِس کے بعد بنی یہُوداہ اُن کنعانِیوں سے جو کوہِستانی مُلک اور جنُوبی حِصّہ اور نشیب کی زمِین میں رہتے تھے لڑنے کو گئے۔

10 اور یہُوداہ نے اُن کنعانِیوں پر جو حبرُو ن میں رہتے تھے چڑھائی کی اور حبرُو ن کا نام پہلے قریت اربع تھا ۔ وہاں اُنہوں نے سِیسی اور اخِیمان اور تلمی کو مارا۔

غُتنی ایل دبِیر کا شہر فتح کرتا ہے

11 وہاں سے وہ دبِیر کے باشِندوں پر چڑھائی کرنے کو گیا (دبِیر کا نام پہلے قریت سِفر تھا)۔

12 تب کالِب نے کہا جو کوئی قریت سِفر کو مار کر اُسے لے لے مَیں اُسے اپنی بیٹی عکسہ بیاہ دُوں گا۔

13 اور کالِب کے چھوٹے بھائی قنز کے بیٹے غُتنی ایل نے اُسے لے لِیا ۔ پس اُس نے اپنی بیٹی عکسہ اُسے بیاہ دی۔

14 اور جب وہ اُس کے پاس گئی تو اُس نے اُسے ترغِیب دی کہ وہ اُس کے باپ سے ایک کھیت مانگے ۔ پِھر وہ اپنے گدھے پر سے اُتر پڑی ۔ تب کالِب نے اُس سے کہا تُو کیا چاہتی ہے؟۔

15 اُس نے اُس سے کہا مُجھے برکت دے ۔ چُونکہ تُو نے مُجھے جنُوب کے مُلک میں رکھّا ہے اِس لِئے پانی کے چشمے بھی مُجھے دے ۔ تب کالِب نے اُوپر کے چشمے اور نِیچے کے چشمے اُسے دِئے۔

یہُودا ہ اور بِنیمیِن کے قبِیلوں کی فتُوحات

16 اور مُوسیٰ کے سالے قِینی کی اَولاد کھجُوروں کے شہر سے بنی یہُوداہ کے ساتھ یہُوداہ کے بیابان کو جو عراد کے جنُوب میں ہے چلی گئی اور جا کر لوگوں کے ساتھ رہنے لگی۔

17 اور یہُوداہ اپنے بھائی شمعُو ن کے ساتھ گیا اور اُنہوں نے اُن کنعانِیوں کو جو صفت میں رہتے تھے مارا اور شہر کو نیست و نابُود کر دِیا ۔ سو اُس شہر کا نام حُرمہ کہلایا۔

18 اور یہُوداہ نے غزّہ اور اُس کی نواحی اور اسقلو ن اور اُس کی نواحی اور عقرُون اور اُس کی نواحی کو بھی لے لِیا۔

19 اور خُداوند یہُوداہ کے ساتھ تھا ۔ سو اُس نے کوہِستانِیوں کو نِکال دِیا پر وادی کے باشِندوں کو نِکال نہ سکا کیونکہ اُن کے پاس لوہے کے رتھ تھے۔

20 تب اُنہوں نے مُوسیٰ کے کہنے کے مُطابِق حبرُو ن کالِب کو دِیا اور اُس نے وہاں سے عنا ق کے تِینوں بیٹوں کو نِکال دِیا۔

21 اور بنی بِنیمِین نے اُن یبُوسِیوں کو جو یروشلِیم رہتے تھے نہ نِکالا ۔ سو یبُو سی بنی بِنیمِین کے ساتھ آج تک یروشلِیم میں رہتے ہیں۔

افرائیم اورمنسّی کے قبِیلے بَیت ا یل کو فتح کرتے ہیں

22 اور یُوسف کے گھرانے نے بھی بَیت ایل پر چڑھائی کی اور خُداوند اُن کے ساتھ تھا۔

23 اور یُوسف کے گھرانے نے بَیت ایل کا حال دریافت کرنے کو جاسُوس بھیجے اور اُس شہر کا نام پہلے لُوز تھا۔

24 اور جاسُوسوں نے ایک شخص کو اُس شہر سے نِکلتے دیکھا اور اُس سے کہا کہ شہر میں داخِل ہونے کی راہ ہم کو دِکھا دے تو ہم تُجھ سے مِہربانی سے پیش آئیں گے۔

25 سو اُس نے شہر میں داخِل ہونے کی راہ اُن کو دِکھا دی ۔ اُنہوں نے شہر کو تہِ تیغ کِیا پر اُس شخص اور اُس کے سارے گھرانے کو چھوڑ دِیا۔

26 اور وہ شخص حِتّیوں کے مُلک میں گیا اور اُس نے وہاں ایک شہر بنایا اور اُس کا نام لُوز رکھّا چُنانچہ آج تک اُس کا یِہی نام ہے۔

وہ قَومیں جِن کو اِسرائیلیوں کے درمیان سے نِکالا نہ گیا

27 اور منسّی نے بھی بَیت شان اور اُس کے قصبوں اور تعناک اور اُس کے قصبوں اور دور اور اُس کے قصبوں کے باشِندوں اور اِبلیعا م اور اُس کے قصبوں کے باشِندوں اور مجِدّو اور اُس کے قصبوں کے باشِندوں کو نہ نِکالا بلکہ کنعانی اُس مُلک میں بسے ہی رہے۔

28 پر جب اِسرائیلِیوں نے زور پکڑا تو وہ کنعانِیوں سے بیگار کا کام لینے لگے پر اُن کو بِالکُل نِکال نہ دِیا۔

29 اور افرا ئِیم نے اُن کنعانِیوں کو جو جزر میں رہتے تھے نہ نِکالا سو کنعانی اُن کے درمِیان جزر میں بسے رہے۔

30 اور زبُولُون نے قِطرو ن اور نہلا ل کے لوگوں کو نہ نِکالا سو کنعانی اُن میں بُود و باش کرتے رہے اور اُن کے مُطِیع ہو گئے۔

31 اور آشر نے عکّو اور صَیدا اور احلاب اور اکزِیب اور حلبہ اور افیق اور رحوب کے باشِندوں کو نہ نِکالا۔

32 بلکہ آشری اُن کنعانِیوں کے درمیان جو اُس مُلک کے باشِندے تھے بس گئے کیونکہ اُنہوں نے اُن کو نِکالا نہ تھا۔

33 اور نفتا لی نے بَیت شمس اور بَیت عنات کے باشِندوں کو نہ نِکالا بلکہ وہ اُن کنعانِیوں میں جو وہاں رہتے تھے بس گیا تَو بھی بَیت شمس اور بَیت عنا ت کے باشِندے اُن کے مُطِیع ہو گئے۔

34 اور امورِیوں نے بنی دان کو کوہِستانی مُلک میں بھگا دِیا کیونکہ اُنہوں نے اُن کو وادی میں آنے نہ دِیا۔

35 بلکہ اموری کوہِ حرِس پر اور ایّالو ن اورسعلبِیم میں بسے ہی رہے تَو بھی بنی یُوسف کا ہاتھ غالِب ہُؤا اَیسا کہ یہ مُطِیع ہو گئے۔

36 اور امورِیوں کی سرحد عقربِیّم کی چڑھائی سے یعنی چٹان سے شرُوع کر کے اُوپر اُوپر تھی۔

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21