قُضاۃ 10 URD

تولع

1 اور ابی ملِک کے بعد تولع بِن فُوّہ بِن دودو جو اِشکار کے قبِیلہ کا تھا اِسرائیلِیوں کی حمایت کرنے کو اُٹھا۔ وہ افرا ئِیم کے کوہِستانی مُلک میں سمِیر میں رہتا تھا۔

2 وہ تیئِیس برس اِسرائیلِیوں کا قاضی رہا اور مَر گیا اورسمِیر میں دفن ہُؤا۔

یائِیر

3 اِس کے بعد جِلعادی یائِیر اُٹھا اور وہ بائِیس برس اِسرائیلِیوں کا قاضی رہا۔

4 اُس کے تِیس بیٹے تھے جو تِیس جوان گدھوں پر سوار ہُؤا کرتے تھے اور اُن کے تِیس شہر تھے جو آج تک حَوّوت یائِیر کہلاتے ہیں اور جِلعاد کے مُلک میں ہیں۔

5 اور یائِیر مَر گیا اور قامو ن میں دفن ہُؤا۔

اِفتاح

6 اور بنی اِسرائیل خُداوند کے حضُور پِھربدی کرنے اوربعلِیم اور عِستارا ت اور ارام کے دیوتاؤں اور صَیدا کے دیوتاؤں اور موآب کے دیوتاؤں اور بنی عمُّون کے دیوتاؤں اور فِلستِیوں کے دیوتاؤں کی پرستِش کرنے لگے اور خُداوند کو چھوڑ دِیا اور اُس کی پرستِش نہ کی۔

7 تب خُداوند کا قہر اِسرا ئیل پر بھڑکا اور اُس نے اُن کو فِلستِیوں کے ہاتھ اور بنی عمُّون کے ہاتھ بیچ ڈالا۔

8 اور اُنہوں نے اُس سال بنی اِسرائیل کو تنگ کِیا اور ستایا بلکہ اٹھارہ برس تک وہ سب بنی اِسرائیل پر ظُلم کرتے رہے جو یَرد ن پار امورِیوں کے مُلک میں جو جِلعاد میں ہے رہتے تھے۔

9 اور بنی عمُّون یَرد ن پار ہو کر یہُودا ہ اور بِنیمِین اور افرا ئِیم کے خاندان سے لڑنے کو بھی آ جاتے تھے ۔ پس اِسرائیلی بُہت تنگ آ گئے۔

10 اور بنی اِسرائیل خُداوند سے فریاد کر کے کہنے لگے ہم نے تیرا گُناہ کِیا کہ اپنے خُدا کو چھوڑا اور بعلیم کی پرستِش کی۔

11 اور خُداوند نے بنی اِسرائیل سے کہا کیا مَیں نے تُم کو مِصریوں اور امورِیوں اور بنی عمُّون اور فِلستِیوں کے ہاتھ سے رہائی نہیں دی؟۔

12 اور صَیدانیوں اور عمالِیقیوں اور ماعونیوں نے بھی تُم کو ستایا اور تُم نے مُجھ سے فریاد کی اور مَیں نے تُم کو اُن کے ہاتھ سے چُھڑایا۔

13 تَو بھی تُم نے مُجھے چھوڑ کر اَور معبُودوں کی پرستِش کی ۔ سو اب مَیں تُم کو رہائی نہیں دُوں گا۔

14 تُم جا کر اُن دیوتاؤں سے جِن کو تُم نے اِختیار کِیا ہے فریاد کرو۔ وُہی تُمہاری مُصِیبت کے وقت تُم کو چُھڑائیں۔

15 بنی اِسرائیل نے خُداوند سے کہا ہم نے تو گُناہ کِیا سو جو کُچھ تیری نظر میں اچّھا ہو ہم سے کر پر آج ہم کو چُھڑا ہی لے۔

16 اور وہ اجنبی معبُودوں کو اپنے بِیچ سے دُور کر کے خُداوند کی پرستِش کرنے لگے ۔ تب اُس کا جی اِسرا ئیل کی پریشانی سے غمگِین ہُؤا۔

17 پِھر بنی عمُّون اِکٹّھے ہو کر جِلعاد میں خَیمہ زن ہُوئے اور بنی اِسرائیل بھی فراہم ہو کر مِصفاہ میں خَیمہ زن ہُوئے۔

18 تب جِلعاد کے لوگ اور سردار ایک دُوسرے سے کہنے لگے وہ کَون شخص ہے جو بنی عمُّون سے لڑنا شرُوع کرے گا؟ وُہی جِلعاد کے سب باشِندوں کا حاکِم ہو گا۔

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21