قُضاۃ 13 URD

سمسُون کی پَیدایش

1 اور بنی اِسرائیل نے پِھر خُداوند کے آگے بدی کی اور خُداوند نے اُن کو چالِیس برس تک فِلستِیوں کے ہاتھ میں کر رکھّا۔

2 اور دانِیوں کے گھرانے میں صُرعہ کا ایک شخص تھا جِس کا نام منوحہ تھا ۔ اُس کی بِیوی بانجھ تھی ۔ سو اُس کے کوئی بچّہ نہ ہُؤا۔

3 اور خُداوند کے فرِشتہ نے اُس عَورت کو دِکھائی دے کر اُس سے کہا دیکھ تُو بانجھ ہے اور تیرے بچّہ نہیں ہوتا پر تُو حامِلہ ہو گی اور تیرے بیٹا ہو گا۔

4 سو خبردار مَے یا نشہ کی چِیز نہ پِینا اور نہ کوئی ناپاک چِیز کھانا۔

5 کیونکہ دیکھ تُو حامِلہ ہو گی اور تیرے بیٹا ہو گا ۔ اُس کے سر پر کبھی اُسترہ نہ پِھرے اِس لِئے کہ وہ لڑکا پیٹ ہی سے خُدا کا نذِیر ہو گا اور وہ اِسرائیلِیوں کو فلِستیوں کے ہاتھ سے رہائی دینا شرُوع کرے گا۔

6 اُس عَورت نے جا کر اپنے شَوہر سے کہاکہ ایک مَردِ خُدا میرے پاس آیا ۔ اُس کی صُورت خُدا کے فرشتہ کی صُورت کی طرح نِہایت مُہِیب تھی اور مَیں نے اُس سے نہیں پُوچھا کہ تُو کہاں کا ہے؟ اور نہ اُس نے مُجھے اپنا نام بتایا۔

7 پر اُس نے مُجھ سے کہا دیکھ تُو حامِلہ ہو گی اور تیرے بیٹا ہو گا ۔ سو تُو مَے یا نشہ کی چِیز نہ پِینا اور نہ کوئی ناپاک چِیز کھانا کیونکہ وہ لڑکا پیٹ ہی سے اپنے مَرنے کے دِن تک خُدا کا نذِیر رہے گا۔

8 تب منوحہ نے خُداوند سے درخواست کی اور کہا اَے میرے مالِک مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ وہ مَردِ خُدا جِسے تُو نے بھیجا تھا ہمارے پاس پِھر آئے اور ہم کو سِکھائے کہ ہم اُس لڑکے سے جو پَیدا ہونے کو ہے کیا کریں۔

9 اور خُدا نے منوحہ کی عرض سُنی اور خُدا کا فرِشتہ اُس عَورت کے پاس جب وہ کھیت میں بَیٹھی تھی پِھر آیا پر اُس کا شَوہر منوحہ اُس کے ساتھ نہیں تھا۔

10 سو اُس عَورت نے جلدی کی اور دَوڑ کر اپنے شَوہر کو خبر دی اور اُس سے کہا کہ دیکھ وُہی مَرد جو اُس دِن میرے پاس آیا تھا اب پِھر مُجھے دِکھائی دِیا۔

11 تب منوحہ اُٹھ کر اپنی بِیوی کے پِیچھے پِیچھے چلا اور اُس مَرد کے پاس آ کر اُس سے کہا کیا تُو وُہی مَرد ہے جِس نے اِس عَورت سے باتیں کی تِھیں؟اُس نے کہا مَیں وُہی ہُوں۔

12 تب منوحہ نے کہا تیری باتیں پُوری ہوں! پر اُس لڑکے کا کَیسا طَور و طرِیق اور کیا کام ہو گا؟۔

13 خُداوند کے فرِشتہ نے منوحہ سے کہا اُن سب چِیزوں سے جِن کا ذِکر مَیں نے اِس عَورت سے کِیا یہ پرہیز کرے۔

14 وہ اَیسی کوئی چِیز جو تاک سے پَیدا ہوتی ہے نہ کھائے اور مَے یا نشہ کی چِیز نہ پِئے اور نہ کوئی ناپاک چِیز کھائے اور جو کُچھ مَیں نے اُسے حُکم دِیا یہ اُسے مانے۔

15 منوحہ نے خُداوند کے فرِشتہ سے کہا کہ اِجازت ہو تو ہم تُجھ کو روک لیں اور بکری کا ایک بچّہ تیرے لِئے تیّار کریں۔

16 تب خُداوند کے فرِشتہ نے منوحہ کو جواب دِیا کہ اگر تُو مُجھے روک بھی لے تَو بھی مَیں تیری روٹی نہیں کھانے کا پر اگر تُو سوختنی قُربانی تیّار کرنا چاہے تو تُجھے لازِم ہے کہ اُسے خُداوند کے لِئے گُذرانے کیونکہ منوحہ نہیں جانتا تھا کہ وہ خُداوند کا فرِشتہ ہے۔

17 پِھر منوحہ نے خُداوند کے فرِشتہ سے کہا کہ تیرا نام کیا ہے تاکہ جب تیری باتیں پُوری ہوں تو ہم تیرا اِکرام کر سکیں؟۔

18 خُداوند کے فرِشتہ نے اُس سے کہا تُو کیوں میرا نام پُوچھتا ہے کیونکہ وہ تو عجِیب ہے؟۔

19 تب منوحہ نے بکری کا وہ بچّہ مع اُس کی نذر کی قُربانی کے لے کر ایک چٹان پر خُداوند کے لِئے اُن کو گُذرانا اور فرِشتہ نے منوحہ اور اُس کی بِیوی کے دیکھتے دیکھتے عجِیب کام کِیا۔

20 کیونکہ اَیسا ہُؤا کہ جب شُعلہ مذبح پر سے آسمان کی طرف اُٹھا تو خُداوند کا فرِشتہ مذبح کے شُعلہ میں ہو کر اُوپر چلا گیا اور منوحہ اور اُس کی بِیوی دیکھ کر اَوندھے مُنہ زمِین پر گِرے۔

21 پر خُداوند کا فرِشتہ نہ پِھر منوحہ کو دِکھائی دِیا نہ اُس کی بِیوی کو ۔ تب منوحہ نے جانا کہ وہ خُداوند کا فرِشتہ تھا۔

22 اور منوحہ نے اپنی بِیوی سے کہا ہم اب ضرُور مَر جائیں گے کیونکہ ہم نے خُدا کو دیکھا۔

23 اُس کی بِیوی نے اُس سے کہا اگر خُداوند یِہی چاہتا کہ ہم کو مار دے تو سوختنی اور نذر کی قُربانی ہمارے ہاتھ سے قبُول نہ کرتا اور نہ ہم کو یہ واقِعات دِکھاتا اور نہ ہم سے اَیسی باتیں کہتا۔

24 اور اُس عَورت کے ایک بیٹا ہُؤا اور اُس نے اُس کا نام سمسُو ن رکھّا اور وہ لڑکا بڑھا اور خُداوند نے اُسے برکت دی۔

25 اور خُداوند کی رُوح اُسے محنے دان میں جو صُرعہ اور اِستا ل کے درمِیان ہے تحرِیک دینے لگی۔

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21