قُضاۃ 13:7-13 URD

7 پر اُس نے مُجھ سے کہا دیکھ تُو حامِلہ ہو گی اور تیرے بیٹا ہو گا ۔ سو تُو مَے یا نشہ کی چِیز نہ پِینا اور نہ کوئی ناپاک چِیز کھانا کیونکہ وہ لڑکا پیٹ ہی سے اپنے مَرنے کے دِن تک خُدا کا نذِیر رہے گا۔

8 تب منوحہ نے خُداوند سے درخواست کی اور کہا اَے میرے مالِک مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ وہ مَردِ خُدا جِسے تُو نے بھیجا تھا ہمارے پاس پِھر آئے اور ہم کو سِکھائے کہ ہم اُس لڑکے سے جو پَیدا ہونے کو ہے کیا کریں۔

9 اور خُدا نے منوحہ کی عرض سُنی اور خُدا کا فرِشتہ اُس عَورت کے پاس جب وہ کھیت میں بَیٹھی تھی پِھر آیا پر اُس کا شَوہر منوحہ اُس کے ساتھ نہیں تھا۔

10 سو اُس عَورت نے جلدی کی اور دَوڑ کر اپنے شَوہر کو خبر دی اور اُس سے کہا کہ دیکھ وُہی مَرد جو اُس دِن میرے پاس آیا تھا اب پِھر مُجھے دِکھائی دِیا۔

11 تب منوحہ اُٹھ کر اپنی بِیوی کے پِیچھے پِیچھے چلا اور اُس مَرد کے پاس آ کر اُس سے کہا کیا تُو وُہی مَرد ہے جِس نے اِس عَورت سے باتیں کی تِھیں؟اُس نے کہا مَیں وُہی ہُوں۔

12 تب منوحہ نے کہا تیری باتیں پُوری ہوں! پر اُس لڑکے کا کَیسا طَور و طرِیق اور کیا کام ہو گا؟۔

13 خُداوند کے فرِشتہ نے منوحہ سے کہا اُن سب چِیزوں سے جِن کا ذِکر مَیں نے اِس عَورت سے کِیا یہ پرہیز کرے۔