1 اور بنی یُوسف کا حِصّہ قُرعہ ڈال کر یرِیحُو کے پاس کے یَردن سے شرُوع ہُؤا یعنی مشرِق کی طرف یرِیحُو کے چشمے بلکہ بیابان پڑا ۔ پِھر اُس کی حد یرِیحُو سے کوہِستانی مُلک ہوتی ہُوئی بَیت ایل کو گئی۔
2 پِھر بَیت ایل سے نِکل کر لُوز کو گئی اور اَرکِیوں کی سرحد کے پاس سے گُذرتی ہُوئی عطارا ت پُہنچی۔
3 اور وہاں سے مغرِب کی طرف یفلِیطِیوں کی سرحد سے ہوتی ہُوئی نِیچے کے بَیت حَورُو ن بلکہ جزر کو نِکل گئی اور اُس کا خاتِمہ سمُندر پر ہُؤا۔
4 پس بنی یُوسف یعنی منسّی اور افرائِیم نے اپنی اپنی مِیراث پر قبضہ کِیا۔