یشُوع 22:28-34 URD

28 اِس لِئے ہم نے کہا کہ جب وہ ہم سے یا ہماری اَولاد سے آیندہ زمانہ میں یُوں کہیں گے تو ہم اُن کو جواب دیں گے کہ دیکھو خُداوند کے مذبح کا نمُونہ جِسے ہمارے باپ دادا نے بنایا ۔ یہ نہ سوختنی قُربانی کے لِئے ہے نہ ذبِیحہ کے لِئے بلکہ یہ ہمارے اور تُمہارے درمِیان گواہ ہے۔

29 خُدا نہ کرے کہ ہم خُداوند سے باغی ہوں اور آج خُداوند کی پَیروی سے برگشتہ ہو کر خُداوند اپنے خُدا کے مذبح کے سِوا جو اُس کے خَیمہ کے سامنے ہے سوختنی قُربانی اور نذر کی قُربانی اور ذبِیحہ کے لِئے کوئی مذبح بنائیں۔

30 جب فِینحا س کاہِن اور جماعت کے امِیروں یعنی ہزار در ہزار اِسرائیلِیوں کے سرداروں نے جو اُس کے ساتھ آئے تھے یہ باتیں سُنِیں جو بنی رُوبِن اور بنی جد اور بنی منسّی نے کہِیں تو وہ بُہت خُوش ہُوئے۔

31 تب الِیعزر کے بیٹے فِینحاس کاہِن نے بنی رُوبِن اور بنی جد اور بنی منسّی سے کہا آج ہم نے جان لِیا کہ خُداوند ہمارے درمِیان ہے کیونکہ تُم سے خُداوند کی یہ خطا نہیں ہُوئی ۔ سو تُم نے بنی اِسرائیل کو خُداوند کے ہاتھ سے چُھڑا لِیا ہے۔

32 اور الِیعزر کاہِن کا بیٹا فِینحا س اور وہ سردار جِلعاد سے بنی رُوبِن اور بنی جد کے پاس سے مُلکِ کنعان میں بنی اِسرائیل کے پاس لَوٹ آئے اور اُن کو یہ ماجرا سُنایا۔

33 تب بنی اِسرائیل اِس بات سے خُوش ہُوئے اور بنی اِسرائیل نے خُدا کی حمد کی اور پِھر جنگ کے لِئے اُن پر چڑھائی کرنے اور اُس مُلک کو تباہ کرنے کا نام نہ لِیا جِس میں بنی رُوبِن اور بنی جد رہتے تھے۔

34 تب بنی رُوبِن اور بنی جد نے اُس مذبح کا نام عید یہ کہہ کر رکھّا کہ وہ ہمارے درمِیان گواہ ہے کہ یہووا ہ خُدا ہے۔