یشُوع 5:3-9 URD

3 اور یشُوع نے چقمق کی چُھریاں بنائِیں اور کھلڑِیوں کی پہاڑی پر بنی اِسرائیل کا خَتنہ کِیا۔

4 اور یشُوع نے جو خَتنہ کِیا اُس کا سبب یہ ہے کہ وہ لوگ جو مِصر سے نِکلے اُن میں جِتنے جنگی مَرد تھے وہ سب بیابان میں مِصر سے نِکلنے کے بعد راستہ ہی میں مر گئے۔

5 پس وہ سب لوگ جو نِکلے تھے اُن کا خَتنہ ہو چُکا تھا پر وہ سب لوگ جو بیابان میں مِصر سے نِکلنے کے بعد راستہ ہی میں پَیدا ہُوئے تھے اُن کا خَتنہ نہیں ہُؤا تھا۔

6 کیونکہ بنی اسرائیل چالِیس برس تک بیابان میں پِھرتے رہے جب تک ساری قَوم یعنی سب جنگی مَرد جو مِصر سے نِکلے تھے فنا نہ ہو گئے ۔ اِس لِئے کہ اُنہوں نے خُداوند کی بات نہیں مانی تھی ۔ اُن ہی سے خُداوند نے قَسم کھا کر کہا تھا کہ وہ اُن کو اُس مُلک کو دیکھنے بھی نہ دے گا جِسے ہم کو دینے کی قَسم اُس نے اُن کے باپ دادا سے کھائی اور جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے۔

7 سو اُن ہی کے لڑکوں کا جِن کو اُس نے اُن کی جگہ برپا کِیا تھا یشُوع نے خَتنہ کِیا کیونکہ وہ نامختُون تھے اِس لِئے کہ راستہ میں اُن کا خَتنہ نہیں ہُؤا تھا۔

8 اور جب سب لوگوں کا خَتنہ کر چُکے تو یہ لوگ خَیمہ گاہ میں اپنی اپنی جگہ رہے جب تک اچّھے نہ ہو گئے۔

9 پِھر خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ آج کے دِن مَیں نے مِصر کی ملامت کو تُم پر سے ڈُھلکا دِیا ۔ اِسی سبب سے آج کے دِن تک اُس جگہ کا نام جِلجا ل ہے۔