۲- توارِیخ 23 URD

عتلیاہ کے خِلاف بغاوت

1 اور ساتویں برس یہویدع نے زور پکڑا اور سینکڑوں کے سرداروں یعنی عزریا ہ بِن یہُورا م اور اِسمٰعیل بِن یہُوحنا ن اور عزریا ہ بِن عوبید اور معسیا ہ بِن عدایا ہ اور الیسافط بِن زِکر ی سے عہد باندھا۔

2 وہ یہُودا ہ میں پِھرے اور یہُودا ہ کے سب شہروں میں سے لاویوں کو اور اِسرائیل کے آبائی خاندانوں کے سرداروں کو اِکٹّھا کِیا اور وہ یروشلیِم میں آئے۔

3 اور ساری جماعت نے خُدا کے گھر میں بادشاہ کے ساتھ عہد باندھا اور یہُوید ع نے اُن سے کہا دیکھو یہ شاہزادہ جَیسا خُداوند نے بنی داؤُد کے حق میں فرمایا ہے سلطنت کرے گا۔

4 جو کام تُم کو کرنا ہے وہ یہ ہے کہ تُم کاہِنوں اور لاویوں میں سے جو سبت کو آتے ہو ایک تِہائی دربان ہوں۔

5 اور ایک تِہائی شاہی محلّ پر اور ایک تِہائی بُنیاد کے پھاٹک پر اور سب لوگ خُداوند کے گھر کے صحنوں میں ہوں۔

6 پر خُداوند کے گھر میں سِوا کاہِنوں کے اور اُن کے جو لاویوں میں سے خِدمت کرتے ہیں اَور کوئی نہ آنے پائے ۔ وُہی اندر آئیں کیونکہ وہ مُقدّس ہیں ۔ لیکن سب لوگ خُداوند کا پہرہ دیتے رہیں۔

7 اور لاوی اپنے اپنے ہاتھ میں اپنے ہتھیار لِئے ہُوئے بادشاہ کو چاروں طرف سے گھیرے رہیں اور جو کوئی ہَیکل میں آئے قتل کِیا جائے اور بادشاہ جب اندر آئے اور باہر نِکلے تو تُم اُس کے ساتھ رہنا۔

8 سو لاویوں اور سارے یہُودا ہ نے یہوُید ع کاہِن کے حُکم کے مُطابِق سب کُچھ کِیا اور اُن میں سے ہر شخص نے اپنے لوگوں کو لِیا یعنی اُن کو جو سبت کو اندر آتے تھے اور اُن کو جو سبت کو باہر چلے جاتے تھے کیونکہ یہُوید ع کاہِن نے باری والوں کو رُخصت نہیں کِیا تھا۔

9 اور یہُوید ع کاہِن نے داؤُد بادشاہ کی برچھیاں اور ڈھالیں اور پھریاں جو خُدا کے گھر میں تِھیں سینکڑوں کے سرداروں کو دِیں۔

10 اور اُس نے سب لوگوں کو جو اپنا اپنا ہتھیار ہاتھ میں لِئے ہُوئے تھے ہَیکل کی د ہنی طرف سے اُس کی بائیں طرف تک مذبح اور ہَیکل کے پاس بادشاہ کے گِرداگِرد کھڑا کر دِیا۔

11 پِھر وہ شاہزادہ کو باہر لائے اور اُس کے سر پر تاج رکھ کر شہادت نامہ دِیا اور اُسے بادشاہ بنایا اور یہُوید ع اور اُس کے بیٹوں نے اُسے مَسح کِیا اور وہ بول اُٹھے بادشاہ سلامت رہے!۔

12 جب عتلیا ہ نے لوگوں کا شور سُنا جو دَوڑ دَوڑ کر بادشاہ کی تعرِیف کر رہے تھے تو وہ خُداوند کے گھر میں لوگوں کے پاس آئی۔

13 اور اُس نے نِگاہ کی اور کِیا دیکھا کہ بادشاہ پھاٹک میں اپنے سُتُون کے پاس کھڑا ہے اور بادشاہ کے نزدِیک اُمرا اور نرسِنگے ہیں اور ساری مملکت کے لوگ خُوش ہیں اور نرسِنگے پُھونک رہے ہیں اور گانے والے باجوں کو لِئے ہُوئے مدح سرائی کرنے میں پیشوائی کر رہے ہیں ۔ تب عتلیا ہ نے اپنے کپڑے پھاڑے اور کہا غدر ہے غدر!۔

14 تب یہُوید ع کاہِن سَینکڑوں کے سرداروں کو جو لشکر پر مُقرّر تھے باہر لے آیا اور اُن سے کہا کہ اُس کو صفوں کے بِیچ کر کے نِکال لے جاؤ اور جو کوئی اُس کے پِیچھے چلے وہ تلوار سے مارا جائے کیونکہ کاہِن کہنے لگا کہ خُداوند کے گھر میں اُسے قتل نہ کرو۔

15 سو اُنہوں نے اُس کے لِئے راستہ چھوڑ دِیا اور وہ شاہی محلّ کے گھوڑا پھاٹک کے مدخل کو گئی اور وہاں اُنہوں نے اُسے قتل کر دِیا۔

یہُویدع کی اِصلاحات

16 پِھر یہُوید ع نے اپنے اور سب لوگوں اور بادشاہ کے درمِیان عہد باندھا کہ وہ خُداوند کے لوگ ہوں۔

17 تب سب لوگ بعل کے مندِر کو گئے اور اُسے ڈھایا اور اُنہوں نے اُس کے مذبحوں اور اُس کی مُورتوں کو چکنا چُور کِیا اوربعل کے پُجاری متّان کو مذبحوں کے سامنے قتل کِیا۔

18 اور یہُوید ع نے خُداوند کی ہَیکل کی خِدمت لاوی کاہِنوں کے ہاتھ میں سَونپی جِن کوداؤُد نے خُداوندکی ہَیکل میں الگ الگ ٹھہرایا تھا کہ خُداوند کی سوختنی قُربانیاں جَیسا مُوسیٰ کی تَورَیت میں لِکھا ہے خُوشی مناتے ہُوئے اور گاتے ہُوئے داؤُد کے دستُور کے مُطابِق گُذرانیں۔

19 اور اُس نے خُداوند کی ہَیکل کے پھاٹکوں پر دربانوں کو بِٹھایا تاکہ جو کوئی کِسی طرح سے ناپاک ہو اندر آنے نہ پائے۔

20 اور اُس نے سَینکڑوں کے سرداروں اور اُمرا اور قَوم کے حاکِموں اور مُلک کے سب لوگوں کو ساتھ لِیا اور بادشاہ کو خُداوند کی ہَیکل سے لے آیا اور وہ اُوپر کے پھاٹک سے شاہی محلّ میں آئے اور بادشاہ کو تختِ سلطنت پر بِٹھایا۔

21 سو مُلک کے سب لوگوں نے خُوشی منائی اور شہر میں امن ہُؤا اور اُنہوں نے عتلیا ہ کو تلوار سے قتل کر دِیا۔

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22 23 24 25 26 27 28 29 30 31 32 33 34 35 36