19 اور ذخِیروں کے سب شہروں کو جو سُلیما ن کے پاس تھے اور اپنے رتھوں کے لِئے شہروں کو اور اپنے سواروں کے لِئے شہروں کو اور جو کُچھ سُلیما ن نے اپنی مرضی سے یروشلیِم میں اور لُبنان میں اور اپنی مملکت کی ساری زمِین میں بنانا چاہا بنایا۔
20 اور وہ سب لوگ جو اموریوں اور حِتّیوں اور فرزّیوں اور حوّیوں اور یبُوسیوں میں سے باقی رہ گئے تھے اور بنی اِسرائیل میں سے نہ تھے۔
21 سو اُن کی اَولاد کو جو اُن کے بعد مُلک میں باقی رہی جِن کو بنی اِسرائیل پُورے طَور پر نابُود نہ کر سکے سُلیما ن نے غُلام بنا کر بیگار میں لگایا جَیسا آج تک ہے۔
22 لیکن سُلیما ن نے بنی اِسرائیل میں سے کِسی کو غُلام نہ بنایا بلکہ وہ اُس کے جنگی مَرد اور مُلازِم اور اُمرا اور فَوجی سردار اور اُس کے رتھوں اور سواروں کے حاکِم تھے۔
23 اور وہ خاص مَنصبدار جو سُلیما ن کے کام پر مُقرّر تھے پانچ سَو پچاس تھے ۔ یہ اُن لوگوں پر جو کام بنا رہے تھے سردار تھے۔
24 اور فِرعو ن کی بیٹی داؤُد کے شہر سے اپنے اُس محلّ میں جو سُلیما ن نے اُس کے لِئے بنایا تھا آئی تب سُلیما ن نے مِلّو کو تعمِیر کِیا۔
25 اور سُلیما ن سال میں تِین بار اُس مذبح پر جو اُس نے خُداوند کے لِئے بنایا تھا سوختنی قُربانیاں اور سلامتی کے ذبِیحے گُذرانتا تھا اور اُن کے ساتھ اُس مذبح پر جو خُداوند کے آگے تھا بخُور جلاتا تھا ۔ اِس طرح اُس نے اُس گھر کو تمام کِیا۔