1 اور بنی اِسرائیل کے مُلکِ مِصر سے نِکل آنے کے بعد چار سَو اسِّیویں سال اِسرا ئیل پر سُلیما ن کی سلطنت کے چَوتھے برس زِیو کے مہِینہ میں جو دُوسرا مہِینہ ہے اَیسا ہُؤا کہ اُس نے خُداوند کا گھر بنانا شرُوع کِیا۔
2 اور جو گھر سُلیما ن بادشاہ نے خُداوند کے لِئے بنایا اُس کی لمبائی ساٹھ ہاتھ اور چَوڑائی بِیس ہاتھ اور اُونچائی تِیس ہاتھ تھی۔
3 اور اُس گھر کی ہَیکل کے سامنے ایک برآمدہ اُس گھر کی چَوڑائی کے مُطابِق بِیس ہاتھ لمبا تھا اور اُس گھر کے سامنے اُس کی چَوڑائی دس ہاتھ تھی۔
4 اور اُس نے اُس گھر کے لِئے جھروکے بنائے جِن میں جالی جڑی ہُوئی تھی۔
5 اور اُس نے گِردا گِرد گھر کی دِیوار سے لگی ہُوئی یعنی ہَیکل اور اِلہام گاہ کی دِیواروں سے لگی ہُوئی گِردا گِرد منزِلیں بنائِیں اور حُجرے بھی گِردا گِرد بنائے۔
6 سب سے نِچلی منزِل پانچ ہاتھ چَوڑی اور بِیچ کی چھ ہاتھ چَوڑی اور تِیسری سات ہاتھ چَوڑی تھی کیونکہ اُس نے گھر کی دِیوار کے گِردا گِرد باہر کے رُخ پُشتے بنائے تھے تاکہ کڑِیاں گھر کی دِیواروں کو پکڑے ہُوئے نہ ہوں۔
7 اور وہ گھر جب تعمِیر ہو رہا تھا تو اَیسے پتّھروں کا بنایا گیا جو کان پر تیّار کِئے جاتے تھے ۔ سو اُس کی تعمِیر کے وقت نہ مارتول نہ کُلہاڑی نہ لوہے کے کِسی اَوزار کی آواز اُس گھر میں سُنائی دی۔
8 اور بِیچ کے حُجروں کا دروازہ اُس گھر کی دہنی طرف تھا اور چکّردار سِیڑِھیوں سے بِیچ کی منزِل کے حُجروں میں اور بِیچ کی منزِل سے تِیسری منزِل کو جایا کرتے تھے۔
9 سو اُس نے وہ گھر بنا کر اُسے تمام کِیا اور اُس گھر کو دیودار کے شہتِیروں اور تختوں سے پاٹا۔
10 اور اُس نے اُس پُورے گھر سے لگی ہُوئی پانچ پانچ ہاتھ اُونچی منزِلیں بنائِیں اور وہ دیودار کی لکڑِیوں کے سہارے اُس گھر پر ٹِکی ہُوئی تِھیں۔
11 اور خُداوند کا کلام سُلیما ن پر نازِل ہُؤا کہ۔
12 یہ گھر جو تُو بناتا ہے سو اگر تُو میرے آئِین پر چلے اور میرے حُکموں کو پُورا کرے اور میرے فرمانوں کو مان کر اُن پر عمل کرے تو مَیں اپنا وہ قَول جو مَیں نے تیرے باپ داؤُد سے کِیا تیرے ساتھ قائِم رکُھّوں گا۔
13 اور مَیں بنی اِسرائیل کے درمِیان رہُوں گا اور اپنی قَوم اِسرا ئیل کو ترک نہ کرُوں گا۔
14 پس سُلیما ن نے وہ گھر بنا کر اُسے تمام کِیا۔
15 اور اُس نے اندر گھر کی دِیواروں پر دیودار کے تختے لگائے ۔ اِس گھر کے فرش سے چھت کی دِیواروں تک اُس نے اُن پر لکڑی لگائی اور اُس نے اُس گھر کے فرش کو صنَوبر کے تختوں سے پاٹ دِیا۔
16 اور اُس نے اُس گھر کے پِچھلے حِصّہ میں بِیس ہاتھ تک فرش سے دِیواروں تک دیودار کے تختے لگائے ۔ اُس نے اِسے اُس کے اندر بنایا تاکہ وہ اِلہام گاہ یعنی پاکترِین مکان ہو۔
17 اور وہ گھر یعنی اِلہام گاہ کے سامنے کی ہَیکل چالِیس ہاتھ لمبی تھی۔
18 اور اُس گھر کے اندر اندر دیودار تھا جِس پر لٹُّو اور کِھلے ہُوئے پُھول کندہ کِئے گئے تھے ۔ سب دیودار ہی تھا اور پتّھر مُطلق نظر نہیں آتا تھا۔
19 اور اُس نے اُس گھر کے اندر بِیچ میں اِلہام گاہ تیّار کی تاکہ خُداوند کے عہد کا صندُوق وہاں رکھّا جائے۔
20 اور اِلہام گاہ اندر ہی اندر سے بِیس ہاتھ لمبی اور بِیس ہاتھ چَوڑی اور بِیس ہاتھ اُونچی تھی اور اُس نے اُس پر خالِص سونا منڈھا اور مذبح کو دیودار سے پاٹا۔
21 اور سُلیما ن نے اُس گھر کو اندر اندر خالِص سونے سے منڈھا اور اِلہام گاہ کے سامنے اُس نے سونے کی زنجِیریں تان دِیں اور اُس پر بھی سونا منڈھا۔
22 اور اُس پُورے گھر کو جب تک کہ وہ سارا گھر تمام نہ ہو گیا اُس نے سونے سے منڈھا اور اِلہام گاہ کے پُورے مذبح پر بھی اُس نے سونا منڈھا۔
23 اور اِلہام گاہ میں اُس نے زَیتُون کی لکڑی کے دو کرُّوبی دس دس ہاتھ اُونچے بنائے۔
24 اور کرُّوبی کا ایک بازُو پانچ ہاتھ کا اور اُس کا دُوسرا بازُو بھی پانچ ہی ہاتھ کا تھا ۔ ایک بازُو کے سِرے سے دُوسرے بازُو کے سِرے تک دس ہاتھ کا فاصِلہ تھا۔
25 اور دس ہی ہاتھ کا دُوسرا کرُّوبی تھا ۔ دونوں کرُّوبی ایک ہی ناپ اور ایک ہی صُورت کے تھے۔
26 ایک کرُّوبی کی اُونچائی دس ہاتھ تھی اور اِتنی ہی دُوسرے کرُّوبی کی تھی۔
27 اور اُس نے دونوں کرُّوبیوں کو بِھیتر کے مکان کے اندر رکھّا اور کرُّوبیوں کے بازُو پَھیلے ہُوئے تھے اَیسا کہ ایک کا بازُو ایک دِیوار سے اور دُوسرے کا بازُو دُوسری دِیوار سے لگا ہُؤا تھا اور اِن کے بازُو گھر کے بِیچ میں ایک دُوسرے سے مِلے ہُوئے تھے۔
28 اور اُس نے کرُّوبیوں پر سونا منڈھا۔
29 اور اُس نے اُس گھر کی سب دِیواروں پر گِردا گِرد اندر اور باہر کرُّوبیوں اور کھجُور کے درختوں اور کِھلے ہُوئے پُھولوں کی کُھدی ہُوئی صُورتیں کندہ کِیں۔
30 اور اُس گھر کے فرش پر اُس نے اندر اور باہر سونا منڈھا۔
31 اور اِلہام گاہ میں داخِل ہونے کے لِئے اُس نے زَیتُون کی لکڑی کے دروازے بنائے ۔ اُوپر کی چَوکھٹ اور بازُوؤں کا عرض دِیوار کا پانچواں حِصّہ تھا۔
32 دونوں دروازے زَیتُون کی لکڑی کے تھے اور اُس نے اُس پر کرُّوبیوں اور کھجُور کے درختوں اور کِھلے ہُوئے پُھولوں کی کُھدی ہُوئی صُورتیں کندہ کِیں اور اُن پر سونا منڈھا اور اِس سونے کو کرُّوبیوں پر اور کھجُور کے درختوں پر پَھیلا دِیا۔
33 اَیسے ہی ہَیکل میں داخِل ہونے کے لِئے اُس نے زَیتُون کی لکڑی کی چَوکھٹ بنائی جو دِیوار کا چَوتھا حِصّہ تھی۔
34 اور صنَوبر کی لکڑی کے دو دروازے تھے۔ ایک دروازہ کے دونوں پٹ دُہرے ہو جاتے اور دُوسرے دروازہ کے بھی دونوں پٹ دُہرے ہو جاتے تھے۔
35 اور اِن پر کرُّوبیوں اور کھجُور کے درختوں اور کِھلے ہُوئے پُھولوں کو اُس نے کندہ کِیا اور کُھدے ہُوئے کام پر سونا منڈھا۔
36 اور اندر کے صحن کی تِین صفیں تراشے ہُوئے پتّھر کی بنائِیں اور ایک صف دیودار کے شہتِیروں کی۔
37 چَوتھے سال زِیو کے مہِینہ میں خُداوند کے گھر کی بُنیاد ڈالی گئی۔
38 اور گیارھویں سال بُول کے مہِینہ میں جو آٹھواں مہِینہ ہے وہ گھر اپنے سب حِصّوں سمیت اپنے نقشہ کے مُطابِق بن کر تیّار ہُؤا ۔ یُوں اُس کے بنانے میں اُسے سات سال لگے۔