1 اور سبت کے بعد ہفتہ کے پہلے دِن پَو پھٹتے وقت مر یم مگدلِینی اور دُوسری مر یم قبر کو دیکھنے آئِیں۔
2 اور دیکھو ایک بڑا بَھونچال آیا کیونکہ خُداوند کا فرِشتہ آسمان سے اُترا اور پاس آکر پتّھر کو لُڑھکا دِیا اور اُس پر بَیٹھ گیا۔
3 اُس کی صُورت بِجلی کی مانِند تھی اور اُس کی پوشاک برف کی مانِند سفید تھی۔
4 اور اُس کے ڈر سے نِگہبان کانپ اُٹھے اور مُردہ سے ہو گئے۔
5 فرِشتہ نے عَورتوں سے کہا تُم نہ ڈرو کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ تُم یِسُو ع کو ڈھُونڈتی ہو جو مصلُوب ہُؤا تھا۔
6 وہ یہاں نہیں ہے کیونکہ اپنے کہنے کے مُطابِق جی اُٹھا ہے ۔ آؤ یہ جگہ دیکھو جہاں خُداوند پڑا تھا۔
7 اور جلد جا کر اُس کے شاگِردوں سے کہو کہ وہ مُردوں میں سے جی اُٹھا ہے اور دیکھو وہ تُم سے پہلے گلِیل کو جاتا ہے ۔وہاں تُم اُسے دیکھو گے ۔ دیکھو مَیں نے تُم سے کہہ دِیا ہے۔
8 اور وہ خَوف اور بڑی خُوشی کے ساتھ قبر سے جلد روانہ ہو کر اُس کے شاگِردوں کو خبر دینے دوڑِیں۔
9 اور دیکھو یِسُو ع اُن سے مِلا اور اُس نے کہا سلام! اُنہوں نے پاس آ کر اُس کے قدم پکڑے اور اُسے سِجدہ کِیا۔
10 اِس پر یِسُو ع نے اُن سے کہا ڈرو نہیں ۔ جاؤ میرے بھائِیوں سے کہو کہ گلِیل کو چلے جائیں ۔ وہاں مُجھے دیکھیں گے۔
11 جب وہ جا رہی تِھیں تو دیکھو پہرے والوں میں سے بعض نے شہر میں آ کر تمام ماجرا سردار کاہِنوں سے بیان کِیا۔
12 اور اُنہوں نے بُزُرگوں کے ساتھ جمع ہو کر مشور َہ کِیا اور سِپاہیوں کو بُہت سا رُوپَیہ دے کر کہا۔
13 یہ کہہ دینا کہ رات کو جب ہم سو رہے تھے اُس کے شاگِرد آ کر اُسے چُرا لے گئے۔
14 اور اگر یہ بات حاکِم کے کان تک پُہنچی تو ہم اُسے سمجھا کر تُم کو خطرہ سے بچا لیں گے۔
15 پس اُنہوں نے رُوپَیہ لے کرجَیسا سِکھایا گیا تھا وَیسا ہی کِیا اور یہ بات آج تک یہُودِیوں میں مشہُور ہے۔
16 اور گیارہ شاگِرد گلِیل کے اُس پہاڑ پر گئے جو یِسُو ع نے اُن کے لِئے مُقرّر کِیا تھا۔
17 اور اُنہوں نے اُسے دیکھ کر سِجدہ کِیا مگر بعض نے شک کِیا۔
18 یِسُو ع نے پاس آ کر اُن سے باتیں کِیں اور کہا کہ آسمان اور زمِین کا کُل اِختِیار مُجھے دِیا گیا ہے۔
19 پس تُم جا کر سب قَوموں کو شاگِرد بناؤ اور اُن کوباپ اور بیٹے اور رُوحُ القُدس کے نام سے بپتِسمہ دو۔
20 اور اُن کو یہ تعلِیم دو کہ اُن سب باتوں پر عمل کریں جِن کا مَیں نے تُم کو حُکم دِیا اور دیکھو مَیں دُنیا کے آخِر تک ہمیشہ تُمہارے ساتھ ہُوں۔