8 اور فِرعون نے یعقُوب سے پُوچھا کہ تیری عُمر کتنے سال کی ہے؟۔
9 یعقُوب نے فِرعون سے کہا کہ میری مُسافرت کے برس ایک سَو تِیس ہیں ۔ میری زِندگی کے ایّام تھوڑے اور دُکھ سے بھرے ہُوئے رہے اور ابھی یہ اُتنے ہُوئے بھی نہیں ہیں جِتنے میرے باپ دادا کی زِندگی کے ایّام اُن کے دَورِ مُسافرت میں ہُوئے۔
10 اور یعقُوب فِرعون کو دُعا دے کر اُس کے پاس سے چلا گیا۔
11 اور یُوسف نے اپنے باپ اور بھائِیوں کو بسا دِیا اور فِرعون کے حُکم کے مُطابِق رعمسیس کے علاقہ کو جو مُلکِ مِصر کا نِہایت زرخیز خِطّہ ہے اُن کی جاگِیر ٹھہرایا۔
12 اور یُوسف اپنے باپ اور اپنے بھائِیوں اور اپنے باپ کے گھر کے سب آدمِیوں کی پرورِش ایک ایک کے خاندان کی ضرُورت کے مُطابِق اناج سے کرنے لگا۔
13 اور اُس سارے مُلک میں کھانے کو کُچھ نہ رہا کیونکہ کال اَیسا سخت تھا کہ مُلکِ مِصر اور مُلکِ کنعان دونوں کال کے سبب سے تباہ ہو گئے تھے۔
14 اور جِتنا رُوپَیہ مُلکِ مِصر اور مُلکِ کنعان میں تھا وہ سب یُوسف نے اُس غلّہ کے بدلے جِسے لوگ خرِیدتے تھے لے لے کر جمع کر لِیا اور سب رُوپَے کو اُس نے فِرعون کے محلّ میں پُہنچا دِیا۔