1 رب مجھ سے ہم کلام ہوا،
2 ”اے آدم زاد، اسرائیل کے گلہ بانوں کے خلاف نبوّت کر! اُنہیں بتا،’رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اسرائیل کے گلہ بانوں پر افسوس جو صرف اپنی ہی فکر کرتے ہیں۔ کیا گلہ بان کو ریوڑ کی فکر نہیں کرنی چاہئے؟
3 تم بھیڑبکریوں کا دودھ پیتے، اُن کی اُون کے کپڑے پہنتے اور بہترین جانوروں کا گوشت کھاتے ہو۔ توبھی تم ریوڑ کی دیکھ بھال نہیں کرتے!
4 نہ تم نے کمزوروں کو تقویت، نہ بیماروں کو شفا دی یا زخمیوں کی مرہم پٹی کی۔ نہ تم آوارہ پھرنے والوں کو واپس لائے، نہ گم شدہ جانوروں کو تلاش کیا بلکہ سختی اور ظالمانہ طریقے سے اُن پر حکومت کرتے رہے۔
5 گلہ بان نہ ہونے کی وجہ سے بھیڑبکریاں تتر بتر ہو کر درندوں کا شکار ہو گئیں۔
6 میری بھیڑبکریاں تمام پہاڑوں اور بلند جگہوں پر آوارہ پھرتی رہیں۔ ساری زمین پر وہ منتشر ہو گئیں، اور کوئی نہیں تھا جو اُنہیں ڈھونڈ کر واپس لاتا۔