خُرُوج 36:1-7 URD

1 پس بضلی ایل اوراہلیا ب اور سب رَوشن ضمِیر آدمی کام کریں جِن کو خُداوند نے حِکمت اور فہم سے مالامال کِیا ہے تاکہ وہ مَقدِس کی عِبادت کے سب کام کو خُداوند کے حُکم کے مُطابِق انجام دیں۔

2 تب مُوسیٰ نے بضلی ایل اور اہلیا ب اور سب رَوشن ضمِیر آدمیوں کو بُلایا جِن کے دِل میں خُداوند نے حِکمت بھر دی تھی یعنی جِن کے دِل میں تحرِیک ہُوئی کہ جا کر کام کریں۔

3 اور جو جو ہدئے بنی اِسرائیل لائے تھے کہ اُن سے مَقدِس کی عِبادت کی چِیزیں بنائی جائیں وہ سب اُنہوں نے مُوسیٰ سے لے لِئے اور لوگ پِھر بھی اپنی خُوشی سے ہر صُبح اُس کے پاس ہدیہ لاتے رہے۔

4 تب وہ سب عقل مند کارِیگر جو مَقدِس کے سب کام بنا رہے تھے اپنے اپنے کام کو چھوڑ کر مُوسیٰ کے پاس آئے۔

5 اور وہ مُوسیٰ سے کہنے لگے کہ لوگ اِس کام کے سر انجام کے لِئے جِس کے بنانے کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے ضرُورت سے بُہت زِیادہ لے آئے ہیں۔

6 تب مُوسیٰ نے جو حُکم دِیا اُس کا اِعلان اُنہوں نے تمام لشکرگاہ میں کرا دِیا کہ کوئی مَرد یا عَورت اب سے مَقدِس کے لِئے ہدیہ دینے کی غرض سے کُچھ اور کام نہ بنائے ۔ یُوں وہ لوگ اَور لانے سے روک دِئے گئے۔

7 کیونکہ جو سامان اُن کے پاس پُہنچ چُکا تھا وہ سارے کام کو تیّار کرنے کے لِئے نہ فقط کافی بلکہ زِیادہ تھا۔