1 اِسرائیل کی بابت خُداوند کی طرف سے بارِ نبُوّت :- خُداوند جو آسمان کو تانتا اور زمِین کی بُنیاد ڈالتا اور اِنسان کے اندر اُس کی رُوح پَیدا کرتا ہے یُوں فرماتا ہے۔
2 دیکھو مَیں یروشلیِم کو اِردگِرد کے سب لوگوں کے لِئے لڑکھڑاہٹ کا پِیالہ بناؤُں گا اور یروشلیِم کے مُحاصرہ کے وقت یہُوداہ کا بھی یِہی حال ہو گا۔
3 اور مَیں اُس روز یروشلیِم کو سب قَوموں کے لِئے ایک بھاری پتّھر بنا دُوں گا اور جو اُسے اُٹھائیں گے سب گھایل ہوں گے اور دُنیا کی سب قَومیں اُس کے مُقابِل جمع ہوں گی۔
4 خُداوند فرماتا ہے مَیں اُس روز ہر گھوڑے کو حَیرت زدہ اور اُس کے سوار کو دِیوانہ کر دُوں گا لیکن یہُوداہ کے گھرانے پر نِگاہ رکھّوں گا اور قَوموں کے سب گھوڑوں کو اندھا کر دُوں گا۔
5 تب یہُوداہ کے فرمانروا دِل میں کہیں گے کہ یروشلیِم کے باشِندے اپنے خُدا ربُّ الافواج کے سبب سے ہماری توانائی ہیں۔