24 اور فصل پر پانچواں حِصّہ فِرعون کو دے دینا اور باقی چار تُمہارے رہے تاکہ کھیتی کے لِئے بیج کے بھی کام آئیں اور تُمہارے اور تُمہارے گھر کے آدمِیوں اور تُمہارے بال بچّوں کے لِئے کھانے کو بھی ہوں۔
25 اُنہوں نے کہا کہ تُو نے ہماری جان بچائی ہے ۔ ہم پر ہمارے خُداوند کے کرم کی نظر رہے اور ہم فِرعون کے غُلام بنے رہیں گے۔
26 اور یُوسف نے یہ آئِین جو آج تک ہے مِصر کی زمِین کے لِئے ٹھہرایا کہ فِرعون پَیداوار کا پانچواں حِصّہ لِیا کرے ۔ سو فقط پُجارِیوں کی زمِین اَیسی تھی جو فِرعون کی نہ ہُوئی۔
27 اور اِسرائیلی مُلکِ مِصر میں جشن کے علاقہ میں رہتے تھے اور اُنہوں نے اپنی جایدادیں کھڑی کر لِیں اور وہ بڑھے اور بُہت زِیادہ ہو گئے۔
28 اور یعقُو ب مُلک ِمِصر میں ستّرہ برس اور جیا ۔ سو یعقُوب کی کُل عُمر ایک سَو سَینتالِیس برس کی ہُوئی۔
29 اور اِسرائیل کے مَرنے کا وقت نزدِیک آیا ۔ تب اُس نے اپنے بیٹے یُوسف کو بُلا کر اُس سے کہا اگر مُجھ پر تیرے کرم کی نظر ہے تو اپنا ہاتھ میری ران کے نِیچے رکھ اور دیکھ!مِہربانی اور صداقت سے میرے ساتھ پیش آنا۔ مُجھ کو مِصر میں دفن نہ کرنا۔
30 بلکہ جب مَیں اپنے باپ دادا کے ساتھ سو جاؤں تو مُجھے مِصر سے لے جا کر اُن کے قبرستان میں دفن کرنا۔اُس نے جواب دِیا جَیسا تُو نے کہا ہے مَیں وَیسا ہی کرُوں گا۔