ہوسیعَِ 10 URD

1 اِسرائیل لہلہاتی تاک ہے جِس میں پَھل لگا جِس نے اپنے پَھل کی کثرت کے مُطابِق بُہت سی قُربان گاہیں تعمِیر کِیں اور اپنی زمِین کی خُوبی کے مُطابِق اچھّے اچھّے سُتُون بنائے۔

2 اُن کا دِل دغا باز ہے ۔ اب وہ مُجرِم ٹھہریں گے ۔ وہ اُن کے مذبحوں کو ڈھائے گا اور اُن کے سُتُونوں کو توڑے گا۔

3 یقِیناً اب وہ کہیں گے ہمارا کوئی بادشاہ نہیں کیونکہ جب ہم خُداوند سے نہیں ڈرتے تو بادشاہ ہمارے لِئے کیا کر سکتا ہے؟۔

4 اُن کی باتیں باطِل ہیں ۔ وہ عہد و پَیمان میں جُھوٹی قَسم کھاتے ہیں۔ اِس لِئے بلا اَیسی پُھوٹ نِکلے گی جَیسے کھیت کی ریگھارِیوں میں اِندراین۔

5 بَیت آون کی بچِھیوں کے سبب سے سامر یہ کے باشِندے خَوف زدہ ہوں گے کیونکہ وہاں کے لوگ اُس پر ماتم کریں گے اور وہاں کے کاہِن بھی جو اُس کی گُذشتہ شَوکت کے سبب سے شادمان تھے۔

6 اِس کو بھی اسُور میں لے جا کر اُس مُخالِف بادشاہ کی نذر کریں گے ۔ اِفرائِیم ندامت اُٹھائے گا اور اِسرا ئیل اپنی مشورَت سے خجِل ہو گا۔

7 سامر یہ کا بادشاہ کٹ گیا ہے ۔ وہ پانی پر تَیرتی شاخ کی مانِندہے۔

8 اور آون کے اُونچے مقام جو اِسرائیل کا گُناہ ہیں برباد کِئے جائیں گے اور اُن کے مذبحوں پر کانٹے اور اُونٹکٹارے اُگیں گے اور وہ پہاڑوں سے کہیں گے ہم کو چُھپا لو اور ٹِیلوں سے کہیں گے ہم پر آ گِرو۔

خُداوند اِسرا ئیل پر غضب کا اِعلان کرتاہے

9 اَے اِسرائیل ! تُو جِبِعہ کے ایّام سے گُناہ کرتا آیا ہے ۔ وہ وہِیں ٹھہرے رہے تاکہ لڑائی جِبعِہ میں بدکرداروں کی نسل تک نہ پُہنچے۔

10 مَیں جب چاہُوں اُن کو سزا دُوں گا اور جب مَیں اُن کے دو گُناہوں کی سزا دُوں گا تو لوگ اُن پر ہجُوم کریں گے۔

11 اِفرائِیم سدھائی ہُوئی بچِھیا ہے جو داؤنا پسند کرتی ہے اور مَیں نے اُس کی خُوش نُما گردن کو دریغ کِیا لیکن مَیں اِفرائِیم پر سوار بِٹھاؤُں گا ۔ یہُودا ہ ہل چلائے گا اور یعقُو ب ڈھیلے توڑے گا۔

12 اپنے لِئے صداقت سے تُخم ریزی کرو ۔ شفقت سے فصل کاٹو اور اپنی اُفتادہ زمِین میں ہل چلاؤ کیونکہ اب مَوقع ہے کہ تُم خُداوند کے طالِب ہو تاکہ وہ آئے اور راستی کو تُم پر برسائے۔

13 تُم نے شرارت کا ہل چلایا ۔ بدکرداری کی فصل کاٹی اور جُھوٹ کا پَھل کھایاکیونکہ تُو نے اپنی روِش میں اپنے بہادُروں کے انبوہ پر تکیہ کِیا۔

14 اِس لِئے تیرے لوگوں کے خِلاف ہنگامہ برپا ہو گا اورتیرے سب قلعے مِسمار کِئے جائیں گے جِس طرح شلمن نے لڑائی کے دِن بَیت اربیل کو مِسمار کِیا تھا جبکہ ماں اپنے بچّوں سمیت ٹُکڑے ٹُکڑے ہو گئی۔

15 تُمہاری بے نِہایت شرارت کے سبب سے بَیت ایل میں تُمہارا یِہی حال ہو گا ۔ شاہِ اِسرائیل علی الصباح بِالکُل فنا ہو جائے گا۔

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14