16 یعنی اسرائیل کے وہ نبی جنہوں نے یروشلم کو ایسی پیش گوئیاں اور رویائیں سنائیں جن کے مطابق امن و امان کا دور قریب ہی ہے، حالانکہ امن و امان کا امکان ہی نہیں۔ یہ رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔‘
17 اے آدم زاد، اب اپنی قوم کی اُن بیٹیوں کا سامنا کر جو نبوّت کرتے وقت وہی باتیں پیش کرتی ہیں جو اُن کے دلوں سے اُبھر آتی ہیں۔ اُن کے خلاف نبوّت کر کے
18 کہہ،’رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اُن عورتوں پر افسوس جو تمام لوگوں کے لئے کلائی سے باندھنے والے تعویذ سی لیتی ہیں، جو لوگوں کو پھنسانے کے لئے چھوٹوں اور بڑوں کے سروں کے لئے پردے بنا لیتی ہیں۔ اے عورتو، کیا تم واقعی سمجھتی ہو کہ میری قوم میں سے بعض کو پھانس سکتی اور بعض کو اپنے لئے زندہ چھوڑ سکتی ہو؟
19 میری قوم کے درمیان ہی تم نے میری بےحرمتی کی، اور یہ صرف چند ایک مٹھی بھر جَو اور روٹی کے دو چار ٹکڑوں کے لئے۔ افسوس، میری قوم جھوٹ سننا پسند کرتی ہے۔ اِس سے فائدہ اُٹھا کر تم نے اُسے جھوٹ پیش کر کے اُنہیں مار ڈالا جنہیں مرنا نہیں تھا اور اُنہیں زندہ چھوڑا جنہیں زندہ نہیں رہنا تھا۔
20 اِس لئے رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ مَیں تمہارے تعویذوں سے نپٹ لوں گا جن کے ذریعے تم لوگوں کو پرندوں کی طرح پکڑ لیتی ہو۔ مَیں جادوگری کی یہ چیزیں تمہارے بازوؤں سے نوچ کر پھاڑ ڈالوں گا اور اُنہیں رِہا کروں گا جنہیں تم نے پرندوں کی طرح پکڑ لیا ہے۔
21 مَیں تمہارے پردوں کو پھاڑ کر ہٹا لوں گا اور اپنی قوم کو تمہارے ہاتھوں سے بچا لوں گا۔ آئندہ وہ تمہارا شکار نہیں رہے گی۔ تب تم جان لو گی کہ مَیں ہی رب ہوں۔
22 تم نے اپنے جھوٹ سے راست بازوں کو دُکھ پہنچایا، حالانکہ یہ دُکھ میری طرف سے نہیں تھا۔ ساتھ ساتھ تم نے بےدینوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی بُری راہوں سے باز نہ آئیں، حالانکہ وہ باز آنے سے بچ جاتے۔