1 اے آدم زاد، اسرائیل کے پہاڑوں کے بارے میں نبوّت کر کے کہہ،’اے اسرائیل کے پہاڑو، رب کا کلام سنو!
2 رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ دشمن بغلیں بجا کر کہتا ہے کہ کیا خوب، اسرائیل کی قدیم بلندیاں ہمارے قبضے میں آ گئی ہیں!
3 قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اُنہوں نے تمہیں اُجاڑ دیا، تمہیں چاروں طرف سے تنگ کیا ہے۔ نتیجے میں تم دیگر اقوام کے قبضے میں آ گئی ہو اور لوگ تم پر کفر بکنے لگے ہیں۔
4 چنانچہ اے اسرائیل کے پہاڑو، رب قادرِ مطلق کا کلام سنو!رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اے پہاڑو اور پہاڑیو، اے گھاٹیو اور وادیو، اے کھنڈرات اور انسان سے خالی شہرو، تم گرد و نواح کی اقوام کے لئے لُوٹ مار اور مذاق کا نشانہ بن گئے ہو۔