17 اے آدم زاد، رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ ہر قسم کے پرندے اور درندے بُلا کر کہہ، ’آؤ، اِدھر جمع ہو جاؤ! چاروں طرف سے آ کر اسرائیل کے پہاڑی علاقے میں جمع ہو جاؤ! کیونکہ یہاں مَیں تمہارے لئے قربانی کی زبردست ضیافت تیار کر رہا ہوں۔ یہاں تمہیں گوشت کھانے اور خون پینے کا سنہرا موقع ملے گا۔
18 تم سورماؤں کا گوشت کھاؤ گے اور دنیا کے حکمرانوں کا خون پیو گے۔ سب بسن کے موٹے تازے مینڈھوں، بھیڑ کے بچوں، بکروں اور بَیلوں جیسے مزے دار ہوں گے۔
19 کیونکہ جو قربانی مَیں تمہارے لئے تیار کر رہا ہوں اُس کی چربی تم جی بھر کر کھاؤ گے، اُس کا خون پی پی کر مست ہو جاؤ گے۔
20 رب فرماتا ہے کہ تم میری میز پر بیٹھ کر گھوڑوں اور گھڑسواروں، سورماؤں اور ہر قسم کے فوجیوں سے سیر ہو جاؤ گے۔‘
21 یوں مَیں دیگر اقوام پر اپنا جلال ظاہر کروں گا۔ کیونکہ جب مَیں جوج اور اُس کی فوج کی عدالت کر کے اُن سے نپٹ لوں گا تو تمام اقوام اِس کی گواہ ہوں گی۔
22 تب اسرائیلی قوم ہمیشہ کے لئے جان لے گی کہ مَیں رب اُس کا خدا ہوں۔
23 اور دیگر اقوام جان لیں گی کہ اسرائیلی اپنے گناہوں کے سبب سے جلاوطن ہوئے۔ وہ جان لیں گی کہ چونکہ اسرائیلی مجھ سے بےوفا ہوئے، اِسی لئے مَیں نے اپنا منہ اُن سے چھپا کر اُنہیں اُن کے دشمنوں کے حوالے کر دیا، اِسی لئے وہ سب تلوار کی زد میں آ کر ہلاک ہوئے۔