حزقی ایل 34:11-17 UGV

11 رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ آئندہ مَیں خود اپنی بھیڑبکریوں کو ڈھونڈ کر واپس لاؤں گا، خود اُن کی دیکھ بھال کروں گا۔

12 جس طرح چرواہا چاروں طرف بکھری ہوئی اپنی بھیڑبکریوں کو اکٹھا کر کے اُن کی دیکھ بھال کرتا ہے اُسی طرح مَیں اپنی بھیڑبکریوں کی دیکھ بھال کروں گا۔ مَیں اُنہیں اُن تمام مقاموں سے نکال کر بچاؤں گا جہاں اُنہیں گھنے بادلوں اور تاریکی کے دن منتشر کر دیا گیا تھا۔

13 مَیں اُنہیں دیگر اقوام اور ممالک میں سے نکال کر جمع کروں گا اور اُنہیں اُن کے اپنے ملک میں واپس لا کر اسرائیل کے پہاڑوں، گھاٹیوں اور تمام آبادیوں میں چَراؤں گا۔

14 تب مَیں اچھی چراگاہوں میں اُن کی دیکھ بھال کروں گا، اور وہ اسرائیل کی بلندیوں پر ہی چریں گی۔ وہاں وہ سرسبز میدانوں میں آرام کر کے اسرائیل کے پہاڑوں پر بہترین گھاس چریں گی۔

15 رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ مَیں خود اپنی بھیڑبکریوں کی دیکھ بھال کروں گا، خود اُنہیں بٹھاؤں گا۔

16 مَیں گم شدہ بھیڑبکریوں کا کھوج لگاؤں گا اور آوارہ پھرنے والوں کو واپس لاؤں گا۔ مَیں زخمیوں کی مرہم پٹی کروں گا اور کمزوروں کو تقویت دوں گا۔ لیکن موٹے تازے اور طاقت ور جانوروں کو مَیں ختم کروں گا۔ مَیں انصاف سے ریوڑ کی گلہ بانی کروں گا۔

17 رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اے میرے ریوڑ، جہاں بھیڑوں، مینڈھوں اور بکروں کے درمیان ناانصافی ہے وہاں مَیں اُن کی عدالت کروں گا۔