حزقی ایل 36:21-27 UGV

21 یہ دیکھ کر کہ جس قوم میں بھی اسرائیلی جا بسے وہاں اُنہوں نے میرے مُقدّس نام کی بےحرمتی کی مَیں اپنے نام کی فکر کرنے لگا۔

22 اِس لئے اسرائیلی قوم کو بتا،’رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ جو کچھ مَیں کرنے والا ہوں وہ مَیں تیری خاطر نہیں کروں گا بلکہ اپنے مُقدّس نام کی خاطر۔ کیونکہ تم نے دیگر اقوام میں منتشر ہو کر اُس کی بےحرمتی کی ہے۔

23 مَیں ظاہر کروں گا کہ میرا عظیم نام کتنا مُقدّس ہے۔ تم نے دیگر اقوام کے درمیان رہ کر اُس کی بےحرمتی کی ہے، لیکن مَیں اُن کی موجودگی میں تمہاری مدد کر کے اپنا مُقدّس کردار اُن پر ظاہر کروں گا۔ تب وہ جان لیں گی کہ مَیں ہی رب ہوں۔ یہ رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔

24 مَیں تمہیں دیگر اقوام و ممالک سے نکال دوں گا اور تمہیں جمع کر کے تمہارے اپنے ملک میں واپس لاؤں گا۔

25 مَیں تم پر صاف پانی چھڑکوں گا تو تم پاک صاف ہو جاؤ گے۔ ہاں، مَیں تمہیں تمام ناپاکیوں اور بُتوں سے پاک صاف کر دوں گا۔

26 تب مَیں تمہیں نیا دل بخش کر تم میں نئی روح ڈال دوں گا۔ مَیں تمہارا سنگین دل نکال کر تمہیں گوشت پوست کا نرم دل عطا کروں گا۔

27 کیونکہ مَیں اپنا ہی روح تم میں ڈال کر تمہیں اِس قابل بنا دوں گا کہ تم میری ہدایات کی پیروی اور میرے احکام پر دھیان سے عمل کر سکو۔