حزقی ایل 38:16-22 UGV

16 میری قوم اسرائیل پر دھاوا بول دیں گے۔ وہ اُس پر بادل کی طرح چھا جائیں گے۔ اے جوج، اُن آخری دنوں میں مَیں خود تجھے اپنے ملک پر حملہ کرنے دوں گا تاکہ دیگر اقوام مجھے جان لیں۔ کیونکہ جو کچھ مَیں اُن کے دیکھتے دیکھتے تیرے ساتھ کروں گا اُس سے میرا مُقدّس کردار اُن پر ظاہر ہو جائے گا۔

17 رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ تُو وہی ہے جس کا ذکر مَیں نے ماضی میں کیا تھا۔ کیونکہ ماضی میں میرے خادم یعنی اسرائیل کے نبی کافی سالوں سے پیش گوئی کرتے رہے کہ مَیں تجھے اسرائیل کے خلاف بھیجوں گا۔

18 رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ جس دن جوج ملکِ اسرائیل پر حملہ کرے گا اُس دن مَیں آگ بگولا ہو جاؤں گا۔

19 مَیں فرماتا ہوں کہ اُس دن میری غیرت اور شدید قہر یوں بھڑک اُٹھے گا کہ یقیناً ملکِ اسرائیل میں زبردست زلزلہ آئے گا۔

20 سب میرے سامنے تھرتھرا اُٹھیں گے، خواہ مچھلیاں ہوں یا پرندے، خواہ زمین پر چلنے اور رینگنے والے جانور ہوں یا انسان۔ پہاڑ اُن کی گزرگاہوں سمیت خاک میں ملائے جائیں گے، اور ہر دیوار گر جائے گی۔

21 رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ مَیں اپنے تمام پہاڑی علاقے میں جوج کے خلاف تلوار بھیجوں گا۔ تب سب آپس میں لڑنے لگیں گے۔

22 مَیں اُن میں مہلک بیماریاں اور قتل و غارت پھیلا کر اُن کی عدالت کروں گا۔ ساتھ ساتھ مَیں موسلادھار بارش، اولے، آگ اور گندھک جوج اور اُس کی بین الاقوامی فوج پر برسا دوں گا۔