حزقی ایل 39:10-16 UGV

10 اسرائیلیوں کو کھلے میدان میں لکڑی چننے یا جنگل میں درخت کاٹنے کی ضرورت نہیں ہو گی، کیونکہ وہ یہ ہتھیار ایندھن کے طور پر استعمال کریں گے۔ اب وہ اُنہیں لُوٹیں گے جنہوں نے اُنہیں لُوٹ لیا تھا، وہ اُن سے مال مویشی چھین لیں گے جنہوں نے اُن سے سب کچھ چھین لیا تھا۔ یہ رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔

11 اُس دن مَیں اسرائیل میں جوج کے لئے قبرستان مقرر کروں گا۔ یہ قبرستان وادیٔ عباریم میں ہو گا جو بحیرۂ مُردار کے مشرق میں ہے۔ جوج کے ساتھ اُس کی تمام فوج بھی دفن ہو گی، اِس لئے مسافر آئندہ اُس میں سے نہیں گزر سکیں گے۔ تب وہ جگہ وادیٔ ہمون جوج بھی کہلائے گی۔

12 جب اسرائیلی تمام لاشیں دفنا کر ملک کو پاک صاف کریں گے تو سات مہینے لگیں گے۔

13 تمام اُمّت اِس کام میں مصروف رہے گی۔ رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ جس دن مَیں دنیا پر اپنا جلال ظاہر کروں گا اُس دن یہ اُن کے لئے شہرت کا باعث ہو گا۔

14 سات مہینوں کے بعد کچھ آدمیوں کو الگ کر کے کہا جائے گا کہ پورے ملک میں سے گزر کر معلوم کریں کہ ابھی کہاں کہاں لاشیں پڑی ہیں۔ کیونکہ لازم ہے کہ سب دفن ہو جائیں تاکہ ملک دوبارہ پاک صاف ہو جائے۔

15 جہاں کہیں کوئی لاش نظر آئے اُس جگہ کی وہ نشان دہی کریں گے تاکہ دفنانے والے اُسے وادیٔ ہمون جوج میں لے جا کر دفن کریں۔

16 یوں ملک کو پاک صاف کیا جائے گا۔ اُس وقت سے اسرائیل کے ایک شہر کا نام ہمونہ کہلائے گا۔‘