1 داؤد کا وہ ماتمی گیت جو اُس نے کوش بن یمینی کی باتوں پر رب کی تمجید میں گایا۔اے رب میرے خدا، مَیں تجھ میں پناہ لیتا ہوں۔ مجھے اُن سب سے بچا کر چھٹکارا دے جو میرا تعاقب کر رہے ہیں،
2 ورنہ وہ شیرببر کی طرح مجھے پھاڑ کر ٹکڑے ٹکڑے کر دیں گے، اور بچانے والا کوئی نہیں ہو گا۔
3 اے رب میرے خدا، اگر مجھ سے یہ کچھ سرزد ہوا اور میرے ہاتھ قصوروار ہوں،
4 اگر مَیں نے اُس سے بُرا سلوک کیا جس کا میرے ساتھ جھگڑا نہیں تھا یا اپنے دشمن کو خواہ مخواہ لُوٹ لیا ہو
5 تو پھر میرا دشمن میرے پیچھے پڑ کر مجھے پکڑ لے۔ وہ میری جان کو مٹی میں کچل دے، میری عزت کو خاک میں ملائے۔ (سِلاہ)