حزقی ایل 43:19-25 UGV

19 صرف لاوی کے قبیلے کے اُن اماموں کو رب کے گھر میں میرے حضور خدمت کرنے کی اجازت ہے جو صدوق کی اولاد ہیں۔رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اُنہیں ایک جوان بَیل دے تاکہ وہ اُسے گناہ کی قربانی کے طور پر پیش کریں۔

20 اِس بَیل کا کچھ خون لے کر قربان گاہ کے چاروں سینگوں، نچلے حصے کے چاروں کونوں اور ارد گرد اُس کے کنارے پر لگا دے۔ یوں تُو قربان گاہ کا کفارہ دے کر اُسے پاک صاف کرے گا۔

21 اِس کے بعد جوان بَیل کو مقدِس سے باہر کسی مقررہ جگہ پر لے جا۔ وہاں اُسے جلا دینا ہے۔

22 اگلے دن ایک بےعیب بکرے کو قربان کر۔ یہ بھی گناہ کی قربانی ہے، اور اِس کے ذریعے قربان گاہ کو پہلی قربانی کی طرح پاک صاف کرنا ہے۔

23 پاک صاف کرنے کے اِس سلسلے کی تکمیل پر ایک بےعیب بَیل اور ایک بےعیب مینڈھے کو چن کر

24 رب کو پیش کر۔ امام اِن جانوروں پر نمک چھڑک کر اِنہیں رب کو بھسم ہونے والی قربانی کے طور پر پیش کریں۔

25 لازم ہے کہ تُو سات دن تک روزانہ ایک بکرا، ایک جوان بَیل اور ایک مینڈھا قربان کرے۔ سب جانور بےعیب ہوں۔