حزقی ایل 43:9-15 UGV

9 لیکن اب وہ اپنی زناکارانہ بُت پرستی اور اپنے بادشاہوں کی لاشیں مجھ سے دُور رکھیں گے۔ تب مَیں ہمیشہ تک اُن کے درمیان سکونت کروں گا۔

10 اے آدم زاد، اسرائیلیوں کو اِس گھر کے بارے میں بتا دے تاکہ اُنہیں اپنے گناہوں پر شرم آئے۔ وہ دھیان سے نئے گھر کے نقشے کا مطالعہ کریں۔

11 اگر اُنہیں اپنی حرکتوں پر شرم آئے تو اُنہیں گھر کی تفصیلات بھی دکھا دے، یعنی اُس کی ترتیب، اُس کے آنے جانے کے راستے اور اُس کا پورا انتظام تمام قواعد اور احکام سمیت۔ سب کچھ اُن کے سامنے ہی لکھ دے تاکہ وہ اُس کے پورے انتظام کے پابند رہیں اور اُس کے تمام قواعد کی پیروی کریں۔

12 رب کے گھر کے لئے میری ہدایت سن! اِس پہاڑ کی چوٹی گرد و نواح کے تمام علاقے سمیت مُقدّس ترین جگہ ہے۔ یہ گھر کے لئے میری ہدایت ہے۔“

13 قربان گاہ یوں بنائی گئی تھی کہ اُس کا پایہ نالی سے گھرا ہوا تھا جو 21 انچ گہری اور اُتنی ہی چوڑی تھی۔ باہر کی طرف نالی کے کنارے پر چھوٹی سی دیوار تھی جس کی اونچائی 9 انچ تھی۔

14 قربان گاہ کے تین حصے تھے۔ سب سے نچلا حصہ ساڑھے تین فٹ اونچا تھا۔ اِس پر بنا ہوا حصہ 7 فٹ اونچا تھا، لیکن اُس کی چوڑائی کچھ کم تھی، اِس لئے چاروں طرف نچلے حصے کا اوپر والا کنارہ نظر آتا تھا۔ اِس کنارے کی چوڑائی 21 انچ تھی۔ تیسرا اور سب سے اوپر والا حصہ بھی اِسی طرح بنایا گیا تھا۔ وہ دوسرے حصے کی نسبت کم چوڑا تھا، اِس لئے چاروں طرف دوسرے حصے کا اوپر والا کنارہ نظر آتا تھا۔ اِس کنارے کی چوڑائی بھی 21 انچ تھی۔

15 تیسرے حصے پر قربانیاں جلائی جاتی تھیں، اور چاروں کونوں پر سینگ لگے تھے۔ یہ حصہ بھی 7 فٹ اونچا تھا۔