یسعیا 34:1-6 UGV

1 اے قومو، قریب آ کر سن لو! اے اُمّتو، دھیان دو! دنیا اور جو بھی اُس میں ہے کان لگائے، زمین اور جو کچھ اُس میں سے پھوٹ نکلا ہے توجہ دے!

2 کیونکہ رب کو تمام اُمّتوں پر غصہ آ گیا ہے، اور اُس کا غضب اُن کے تمام لشکروں پر نازل ہو رہا ہے۔ وہ اُنہیں مکمل طور پر تباہ کرے گا، اُنہیں سفاک کے حوالے کرے گا۔

3 اُن کے مقتولوں کو باہر پھینکا جائے گا، اور لاشوں کی بدبو چاروں طرف پھیلے گی۔ پہاڑ اُن کے خون سے شرابور ہوں گے۔

4 تمام ستارے گل جائیں گے، اور آسمان کو طومار کی طرح لپیٹا جائے گا۔ ستاروں کا پورا لشکر انگور کے مُرجھائے ہوئے پتوں کی طرح جھڑ جائے گا، وہ انجیر کے درخت کی سوکھی ہریالی کی طرح گر جائے گا۔

5 کیونکہ آسمان پر میری تلوار خون پی پی کر مست ہو گئی ہے۔ دیکھو، اب وہ ادوم پر نازل ہو رہی ہے تاکہ اُس کی عدالت کرے، اُس قوم کی جس کی مکمل تباہی کا فیصلہ مَیں کر چکا ہوں۔

6 رب کی تلوار خون آلودہ ہو گئی ہے، اور اُس سے چربی ٹپکتی ہے۔ بھیڑبکریوں کا خون اور مینڈھوں کے گُردوں کی چربی اُس پر لگی ہے، کیونکہ رب بُصرہ شہر میں قربانی کی عید اور ملکِ ادوم میں قتلِ عام کا تہوار منائے گا۔