یسعیا 48:2-8 UGV

2 ہاں توجہ دو، تم جو مُقدّس شہر کے لوگ کہلاتے اور اسرائیل کے خدا پر اعتماد کرتے ہو، سنو کہ اللہ جس کا نام رب الافواج ہے کیا فرماتا ہے۔

3 جو کچھ پیش آیا ہے اُس کا اعلان مَیں نے بڑی دیر پہلے کیا۔ میرے ہی منہ سے اُس کی پیش گوئی صادر ہوئی، مَیں ہی نے اُس کی اطلاع دی۔ پھر اچانک ہی مَیں اُسے عمل میں لایا اور وہ وقوع پذیر ہوا۔

4 مَیں جانتا تھا کہ تُو کتنا ضدی ہے۔ تیرے گلے کی نسیں لوہے جیسی بےلچک اور تیری پیشانی پیتل جیسی سخت ہے۔

5 یہ جان کر مَیں نے بڑی دیر پہلے اِن باتوں کی پیش گوئی کی۔ اُن کے پیش آنے سے پہلے مَیں نے تجھے اُن کی خبر دی تاکہ تُو دعویٰ نہ کر سکے، ’میرے بُت نے یہ کچھ کیا، میرے تراشے اور ڈھالے گئے دیوتا نے اِس کا حکم دیا۔‘

6 اب جب تُو نے یہ سن لیا ہے تو سب کچھ پر غور کر۔ تُو کیوں اِن باتوں کو ماننے کے لئے تیار نہیں؟اب سے مَیں تجھے نئی نئی باتیں بتاؤں گا، ایسی پوشیدہ باتیں جو تجھے اب تک معلوم نہ تھیں۔

7 یہ کسی قدیم زمانے میں وجود میں نہیں آئیں بلکہ ابھی ابھی آج ہی تیرے علم میں آئی ہیں۔ کیونکہ مَیں نہیں چاہتا تھا کہ تُو کہے، ’مجھے پہلے سے اِس کا علم تھا۔‘

8 چنانچہ نہ یہ باتیں تیرے کان تک پہنچی ہیں، نہ تُو اِن کا علم رکھتا ہے، بلکہ قدیم زمانے سے ہی تیرا کان یہ سن نہیں سکتا تھا۔ کیونکہ مَیں جانتا تھا کہ تُو سراسر بےوفا ہے، کہ پیدائش سے ہی نمک حرام کہلاتا ہے۔