یسعیا 61:1-6 UGV

1 رب قادرِ مطلق کا روح مجھ پر ہے، کیونکہ رب نے مجھے تیل سے مسح کر کے غریبوں کو خوش خبری سنانے کا اختیار دیا ہے۔ اُس نے مجھے شکستہ دلوں کی مرہم پٹی کرنے کے لئے اور یہ اعلان کرنے کے لئے بھیجا ہے کہ قیدیوں کو رِہائی ملے گی اور زنجیروں میں جکڑے ہوئے آزاد ہو جائیں گے،

2 کہ بحالی کا سال اور ہمارے خدا کے انتقام کا دن آ گیا ہے۔ اُس نے مجھے بھیجا ہے کہ مَیں تمام ماتم کرنے والوں کو تسلی دوں

3 اور صیون کے سوگواروں کو دلاسا دے کر راکھ کے بجائے شاندار تاج، ماتم کے بجائے خوشی کا تیل اور شکستہ روح کے بجائے حمد و ثنا کا لباس مہیا کروں۔تب وہ ’راستی کے درخت‘ کہلائیں گے، ایسے پودے جو رب نے اپنا جلال ظاہر کرنے کے لئے لگائے ہیں۔

4 وہ قدیم کھنڈرات کو از سرِ نو تعمیر کر کے دیر سے برباد ہوئے مقاموں کو بحال کریں گے۔ وہ اُن تباہ شدہ شہروں کو دوبارہ قائم کریں گے جو نسل در نسل ویران و سنسان رہے ہیں۔

5 غیرملکی کھڑے ہو کر تمہاری بھیڑبکریوں کی گلہ بانی کریں گے، پردیسی تمہارے کھیتوں اور باغوں میں کام کریں گے۔

6 اُس وقت تم ’رب کے امام‘ کہلاؤ گے، لوگ تمہیں ’ہمارے خدا کے خادم‘ قرار دیں گے۔تم اقوام کی دولت سے لطف اندوز ہو گے، اُن کی شان و شوکت اپنا کر اُس پر فخر کرو گے۔