یسعیا 65:13-19 UGV

13 اِس لئے رب قادرِ مطلق فرماتا ہے، ”میرے خادم کھانا کھائیں گے، لیکن تم بھوکے رہو گے۔ میرے خادم پانی پئیں گے، لیکن تم پیاسے رہو گے۔ میرے خادم مسرور ہوں گے، لیکن تم شرم سار ہو گے۔

14 میرے خادم خوشی کے مارے شادیانہ بجائیں گے، لیکن تم رنجیدہ ہو کر رو پڑو گے، تم مایوس ہو کر واویلا کرو گے۔

15 آخرکار تمہارا نام ہی میرے برگزیدوں کے پاس باقی رہے گا، اور وہ بھی صرف لعنت کے طور پر استعمال ہو گا۔ قَسم کھاتے وقت وہ کہیں گے، ’رب قادرِ مطلق تمہیں اِسی طرح قتل کرے۔‘ لیکن میرے خادموں کا ایک اَور نام رکھا جائے گا۔

16 ملک میں جو بھی اپنے لئے برکت مانگے یا قَسم کھائے وہ وفادار خدا کا نام لے گا۔ کیونکہ گزری مصیبتوں کی یادیں مٹ جائیں گی، وہ میری آنکھوں سے چھپ جائیں گی۔

17 کیونکہ مَیں نیا آسمان اور نئی زمین خلق کروں گا۔ تب گزری چیزیں یاد نہیں آئیں گی، اُن کا خیال تک نہیں آئے گا۔

18 چنانچہ خوش و خرم ہو! جو کچھ مَیں خلق کروں گا اُس کی ہمیشہ تک خوشی مناؤ! کیونکہ دیکھو، مَیں یروشلم کو شادمانی کا باعث اور اُس کے باشندوں کو خوشی کا سبب بناؤں گا۔

19 مَیں خود بھی یروشلم کی خوشی مناؤں گا اور اپنی قوم سے لطف اندوز ہوں گا۔آئندہ اُس میں رونا اور واویلا سنائی نہیں دے گا۔